پاکستان سپرلیگ 8ویں ایڈیشن کے فائنل میں لاہورقلندرز کی سنسنی خیزفتح کے بعد کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ان کی منکوحہ انشاء آفریدی کے ساتھ ٹرافی اٹھائے گراؤنڈ میں دیکھا گیا۔

انشاء اور شاہین آفریدی کے علاوہ اس تصویرمیں ایک چیز دیکھنے والوں کی توجہ کا خاص مرکز ٹھہری اور وہ تھا انشاء کے ہاتھوں میں تھاما مقبول ترین اٹالین لگژری فیشن برانڈ گوچی کا ہینڈ بیگ۔

پاکستان میں لگژری ہینڈ بیگ عموماً شوبزکے چند معروف ناموں کے علاوہ مریم نواز اور چند دیگر سیاستدانوں کے پاس ہی دیکھے جاتے ہیں جس کے بعد صارفین کی جانب سے کیے جانے والے تبصروں میں مہنگی ترین فیشن برانڈزکے ہینڈ بیگزکی لاکھوں میں قیمتیں بھی زیربحث آتی ہیں۔

انشاء کا گوچی بیگ دیکھ کربھی کچھ ایسی ہی صورتحال سامنے آئی، دیوا میگزین سمیت مختلف سائٹس نے اس جوڑی کی تصویر شیئرکرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ٹرافی، شاہین اور انشاء سمیت ان کا بیگ بھی صارفین کی نظروں سے اوجھل نہیں رہا۔

قیمت جاننے کے خواہشمندوں کو بتایا گیا کہ گوچی کا یہ کوئین مارگریٹ بیگ 3ہزار 150 امریکی ڈالرز (9 لاکھ 12 ہزار پاکستانی روپے ہے۔)

تاہم گوچی کی ویب سائٹ پرجائیں تو یہ بیگ اب وہاں دستیاب نہیں ہے۔

صارفین نے اپنے تبصروں میں کہا کہ انشاء یقینی طور پر اتنا مہنگا ہینڈ بیگ افورڈ کر سکتی ہیں کیونکہ ان کے والد اورشوہردونوں ہی انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں، تنقید کرنے والوں کو بھی مشورہ دیا گیا کہ دوسروں کے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں۔

لیکن کئی صارفین نے اس امکان کو بھی مدنظررکھا کہ انشاء کا یہ ہینڈ بیگ اوریجنل گوچی نہیں بلکہ برانڈ کے ڈیزائن کی فرسٹ کاپی ہوسکتی ہے۔

More

Comments are closed on this story.