بالی وُڈ کے مشہور اداکار عامر خان ایک بار پھر آن لائن تنقید کی زد میں آ گئے ہیں اور اس مرتبہ وجہ بنی ہے اُن کی پانچ سال پرانی ملاقات ترک خاتونِ اول امینہ اردوان سے، جو اب ایک مرتبہ پھر موضوعِ بحث بن گئی ہے۔
عامر خان کی نئی فلم ’ستارے زمین پر‘ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے، لیکن اس کے فوراً بعد ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر #BoycottSitaareZameenPar کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گیا۔
امیر گیلانی، ماورا کو فلم کے پوسٹر سے ہٹانے پر سیخ پا
متعدد صارفین نے فلم کے پوسٹرز پر ’بائیکاٹ‘ کے الفاظ ثبت کرتے ہوئے تصاویر شیئر کیں، جب کہ کچھ نے 2020 میں ترکیہ کے دورے کے دوران عامر خان کی ترک خاتونِ اول امینہ اردوان کے ساتھ لی گئی تصاویر کو دوبارہ شیئر کر کے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
یاد رہے کہ عامر خان 2020 میں اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ کے دوران ترکیہ گئے تھے، جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی اہلیہ سے ملاقات کی تھی۔
فائٹر پائلٹ دادا کی یاد میں اذان سمیع خان کی اہم ویڈیو
اس وقت بھی بھارت میں اُن پر تنقید کی گئی تھی، کیونکہ ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا برملا اظہار کیا تھا۔
اب ایک مرتبہ پھر جب پاک-بھارت تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں اور ترکیہ نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا ہے، بھارتی عوام کی برہمی نے ایک بار پھر عامر خان کو نشانے پر لے لیا ہے۔
بھارتی فضائیہ کی رسوائی اور پاک فضائیہ کی ٹرولنگ: 1965 سے آج تک کچھ نہیں بدلا
اس وقت بھارت میں ترک ایئرلائنز کے بائیکاٹ کی مہم زوروں پر ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا پر بھارتی عوام نے آئندہ ترکیہ جانے کے بجائے اپنی سیروسیاحت کے مقاصد کو دوسری جگہوں تک محدود رکھنے کا عہد کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، اب عامر خان کی نئی فلم ’ستارے زمین پر‘ بھی اس بائیکاٹ کی لہر کی زد میں آ چکی ہے۔
عامر خان کی اس فلم کو 2007 کی ان کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ کا ’اسپریچوئل سیکوئل‘ سمجھا جا رہا تھا، مگر گزشتہ روز ریلیز ہونے والے ٹریلر نے اس خیال کو رد کر دیا۔ ٹریلر سے یہ بات واضح ہوئی کہ یہ کوئی باضابطہ سیکوئل نہیں ہے، بلکہ ایک بالکل نئی کہانی ہے جس میں تازہ کردار اور نیا سیاق و سباق پیش کیا گیا ہے۔