حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بالی وڈ کے کئی صفِ اول کے فنکاروں کی خاموشی نے بھارتی عوام میں غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ جنگ کے دہانے پر کھڑے دونوں ممالک کے اس نازک موڑ پر جہاں عوام ایک مضبوط موقف کی توقع کر رہے تھے، وہیں شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان اور رنویر سنگھ جیسے معروف اداکاروں کی خاموشی نے سوشل میڈیا صارفین کو مایوس کیا۔

یہ غصہ اس وقت مزید بھڑک اٹھا جب مہاراشٹرا پولیس کی انسٹاگرام اسٹوری وائرل ہوئی، جس میں بالی وڈ شخصیات کو طنزیہ انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس اسٹوری میں لکھا گیا، ’ڈیئر سیلیبریٹیز، اب امن ہے، آپ انسٹاگرام پر واپس آ سکتے ہیں۔ آپ کے غیرملکی مداحوں کے ناراض ہونے کا کوئی خطرہ نہیں رہا۔‘

اس طنزیہ جملے کو سوشل میڈیا صارفین نے بالی وڈ کی خاموشی پر ایک واضح حملہ قرار دیا، جس کے بعد عوامی تنقید کا ایک طوفان اُمڈ آیا۔ متعدد افراد نے رائے دی کہ فنکاروں نے غیرجانب داری کا رویہ اپناتے ہوئے جان بوجھ کر خاموشی اختیار کی تاکہ وہ کسی بھی تنازع یا بین الاقوامی مداحوں کی ناراضگی سے بچ سکیں، خاص طور پر پاکستانی ناظرین سے۔

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کا پول کھول دیا

جنگ بندی کے اعلان کے بعد اگرچہ سلمان خان اور عامر خان نے مختصر ردعمل دیا، مگر وہ بھی تنقید کی زد میں آگئے۔ سلمان خان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں صرف اتنا کہا، ’اللہ کا شکر ہے جنگ بندی ہو گئی‘۔ تاہم یہ پوسٹ کچھ ہی دیر میں ڈیلیٹ کر دی گئی، کیونکہ صارفین نے انہیں پاکستان کا نام نہ لینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اسی طرح عامر خان نے اگرچہ دہشتگردی کی مذمت کی اور پائیدار حل کی اہمیت پر زور دیا، لیکن اُن کے سابق بیانات کو بنیاد بنا کر ان پر ایک نئی تنقید کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ یہاں تک کہ ان کی آنے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ کے بائیکاٹ کی مہم بھی زور پکڑ گئی ہے۔

بالی ووڈ کی وہ دو بہترین سہیلیاں جو ایک سپر اسٹار کی وجہ سے جانی دشمن بن گئیں

یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کا آغاز پہلگام حملے کے بعد ہوا، جس کے بعد بھارتی افواج نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب آزاد کشمیر کے علاقوں سمیت پاکستان کے مختلف شہروں پر رات کی تاریکی میں حملے کیے، جن میں دو مساجد شہید ہوئیں اور دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔

پاکستان نے اس بزدلانہ جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے جدید طیارے، تین رافیل، ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 اور ایک کومبیٹ ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ اس کے بعد 10 مئی کو ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے تحت پاکستان نے بھارت کے اندر 12 اہم فوجی اہداف کو کامیابی سے تباہ کیا، جن میں ادھم پور، پٹھان کوٹ اور سورت گڑھ ایئربیسز کے علاوہ براہموس میزائل اسٹوریج اور فوجی سپلائی ڈپو بھی شامل تھے۔

’بالی ووڈ جعلی ہے‘ کہنے والے اداکار کی وضاحت، انسٹاگرام پر واپسی

یہ صورتحال جہاں خطے میں کشیدگی کا باعث بنی، وہیں فنکاروں کی خاموشی، سوشل میڈیا کے شور، اور عوامی غصے نے ایک نیا بیانیہ تشکیل دیا، ایک ایسا بیانیہ جس میں شہرت کے حامل افراد سے صرف اداکاری نہیں بلکہ قومی و اخلاقی جرات کی بھی توقع کی جاتی ہے۔

More

Comments
1000 characters