اوپرا کمپنی نے ایک نیا ویب براؤزر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا نام ’اوپرا نیون‘ ہے اور یہ صرف ویب سائٹس کھولنے تک محدود نہیں۔ یہ اے آئی پاورڈ براؤزر گیمز بنا سکتا ہے، کوڈ لکھ سکتا ہے، رپورٹس تیار کر سکتا ہے اور سادہ ہدایات سے مکمل ویب سائٹس بھی تخلیق کر سکتا ہے۔
اوپرا کے مطابق صارفین اس براؤزر کو کام سونپ سکتے ہیں اور یہ خودکار طور پر، حتیٰ کہ آف لائن بھی، کام انجام دیتا رہے گا۔ نیون کو ”ایجنٹک براؤزر“ کہا جا رہا ہے کیونکہ یہ اے آئی ایجنٹس کا استعمال کرتا ہے جو صارف کی ہدایات کو سمجھ کر خودمختار طور پر کارروائی کرتے ہیں۔
چین نے ہر فن مولا اے آئی ایجنٹ ’مینس‘ متعارف کروا دیا
مثال کے طور پر، اگر کوئی صارف نیون سے کسی ویب سائٹ کی تیاری یا آن لائن خریداری کے عمل کو مکمل کرنے کو کہے، تو یہ براؤزر پس منظر میں وہ تمام مراحل خود بخود انجام دے گا۔ یہ براؤزر مقامی اور کلاؤڈ بیسڈ اے آئی کا امتزاج استعمال کرتا ہے جس کی بدولت یہ بغیر فعال انٹرایکشن کے بھی کام کرتا رہتا ہے۔
نیون میں ایک بلٹ اِن چیٹ بوٹ بھی شامل ہوگا جو اسکرین پر موجود معلومات کی بنیاد پر فوری جوابات، خلاصے، یا سرچ نتائج فراہم کر سکتا ہے۔ صارفین کو بار بار ٹیب یا ایپ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
گوگل کروم میں ’جیمنائی‘ اے آئی اسسٹنٹ شامل کرلیا گیا، براؤزنگ کا نیا انقلابی دور شروع
مارچ میں متعارف کرائے گئے ”براؤزر آپریٹر“ فیچر کا ایک حصہ ”اے آئی ایجنٹ“ ٹول بھی اس میں شامل ہے، جو آن لائن فارم بھرنے، بکنگ مکمل کرنے، اور روزمرہ براؤزنگ کے کاموں کو خودکار بنا سکتا ہے جبکہ صارف کا ڈیٹا پرائیویسی کے ساتھ صرف براؤزر کے اندر ہی پروسیس ہوتا ہے۔
اوپرا نے نیون کی حتمی لانچ تاریخ یا سبسکرپشن کی قیمت کا اعلان نہیں کیا، لیکن یہ ضرور بتایا ہے کہ یہ ایک پریمیم براؤزر ہوگا، جس میں جدید ٹولز شاید ادائیگی کے بعد دستیاب ہوں۔ دلچسپی رکھنے والے افراد اس وقت بیٹا ورژن کے لیے ویٹ لسٹ میں شامل ہو سکتے ہیں۔
ڈیپ سیک کے بعد چین نے بنا کسی انسانی نگرانی کے چلنے والا نیا اے آئی ماڈل ’مانوس‘ لانچ کردیا
اوپرا کا یہ پانچواں براؤزر ہے، جو اس سے قبل جاری کیے گئے ’ایئر براؤزر‘ کے بعد آ رہا ہے، جو ڈیجیٹل ویلنس اور ڈسٹریکشن فری براؤزنگ پر مرکوز تھا۔
یہ دیکھنا باقی ہے کہ اوپرا نیون حقیقی دنیا میں کیسا پرفارم کرتا ہے لیکن ایک ایسے براؤزر کا تصور جو انسانی نگرانی کے بغیر بھی مکمل کام انجام دے، ویب براؤزنگ کے انداز کو یکسر بدل سکتا ہے۔