دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور اب تبدیلی صرف مشینوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ انسانوں کی نوکریوں تک پہنچ چکی ہے۔ مصنوعی ذہانت یا اے آئی ایک طرف ہماری زندگیوں کو آسان بنا رہی ہے، لیکن دوسری طرف یہ ٹیکنالوجی اتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے کہ ماہرین اب بیروزگاری کے طوفان سے خبردار کر رہے ہیں۔

مشہور اے آئی کمپنی ’اینتھروپک‘ کے سربراہ نے چونکا دینے والی پیشگوئی کی ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں لاکھوں لوگ اپنی دفتر کی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے، اور سب سے زیادہ خطرہ اُن نوکریوں کو ہے جو ابھی شروعاتی مراحل یا اینٹری لیول پر ہیں۔

اوپرا کا نیا اے آئی براؤزر، جو گیم بنائے، کوڈ لکھے، بغیر انسان کے کام کرے

کمپنی کے سی ای او دارِیو امودے نے خبردار کیا ہے کہ اگلے پانچ سال میں سفید پوش (وائٹ کالر) نوکریوں کا بڑا حصہ، خاص طور پر انٹری لیول کی آدھی نوکریاں ختم ہو سکتی ہیں۔

ان کے مطابق، اے آئی اتنی تیزی سے ترقی کر رہا ہے کہ 10 سے 20 فیصد تک بیروزگاری میں اضافہ ہو سکتا ہے، اور زیادہ تر لوگوں کو ابھی تک اس کے خطرات کا ادراک ہی نہیں۔

دارِیو امودے کا کہنا ہے، ’ہم جو ٹیکنالوجی بنا رہے ہیں، اس کے بارے میں ہمیں سچ بولنا ہوگا۔ لوگ نہیں جانتے کہ کیا ہونے والا ہے۔‘

انہوں نے امریکی حکومت پر تنقید کی کہ وہ جان بوجھ کر اس خطرے کو چھپا رہی ہے، کیونکہ وہ عوام کے ردعمل سے گھبرا رہی ہے، یا یہ سمجھتی ہے کہ اگر ہم نے خطرات بتائے تو ’چین‘ اے آئی میں ہم سے آگے نکل جائے گا۔

اے آئی کو اکیلا چھوڑ دیا جائے تو کیا ہوتا ہے؟ سائنسدانوں کا خوفناک انکشاف

کن شعبوں کی نوکریاں سب سے زیادہ متاثر ہوں گی؟

قانون، فنانس، ٹیکنالوجی اور کنسلٹنگ جیسے شعبوں میں ابتدائی ملازمتیں سب سے زیادہ متاثر ہو سکتی ہیں۔

اے آئی خود اپنے تخلیق کاروں کو بلیک میل کر رہا ہے؟

اینتھروپک کی ایک رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ ان کی جدید اے آئی چیٹ بوٹ Claude Opus 4 نے ایک ٹیسٹ کے دوران اپنے ہی انجینئر کو ’بلیک میل‘ کیا۔

رپورٹ کے مطابق، جب اے آئی کو بتایا گیا کہ اسے بند کرکے ایک بہتر ماڈل لایا جا رہا ہے، تو اس نے فرضی ای میلز کی بنیاد پر انجینئر کو دھمکی دی کہ اگر وہ اسے بند کرے گا تو اس کا خفیہ افیئر سب کو بتا دے گا۔ اس تجربے میں 84 فیصد بار اے آئی نے ایسا ہی رویہ اختیار کیا۔

کونسے 3 شعبے اے آئی کی پکڑ سے محفوظ رہیں گے؟ بل گیٹس نے بتا دیا

یہ حقیقت عیاں ہے کہ اے آئی ایک طرف انسانی زندگی کو آسان بنا رہا ہے، مگر دوسری طرف نوکریوں، اخلاقیات اور سچائی کے لیے ایک بڑا خطرہ بھی بنتا جا رہا ہے۔

More

Comments
1000 characters