گرمیوں کا موسم ہو اور تربوز کا ذکر نہ ہو، یہ تو ممکن ہی نہیں! یہ خوش ذائقہ پھل نہ صرف ہلکا اور فرحت بخش ہوتا ہے بلکہ جسم کو اندر سے ٹھنڈک بھی فراہم کرتا ہے۔ آپ نے تربوز کو سلاد، اسموتھی یا میٹھے کے طور پر تو ضرور کھایا ہوگا، مگر کیا کبھی اسے چاٹ کی شکل میں آزمایا ہے؟ جی ہاں، تربوز چاٹ بائٹس ایک ایسا انوکھا تجربہ ہے جو بچوں اور بڑوں سبھی کو بے حد پسند آئے گا۔
تربوز چاٹ بائٹس کیا ہیں؟
تربوز چاٹ بائٹس ایک منفرد اسنیک ہے جس میں تربوز کو چوکور قتلے میں کاٹ کر اس پر دہی، فیٹا چیز، مصالحے اور تازہ سبزیوں پر مشتمل ایک مزیدار فلنگ رکھی جاتی ہے۔ اوپر سے گارنش کے لیے انار دانہ، پستے، تل اور مائیکروگرینز شامل کیے جاتے ہیں۔ اوریوں ایک لذیذ، رنگین اور صحت بخش اسنیک جو گرمی کے دنوں کے لیے بہترین ہے۔
تربوز قدرتی طور پر وٹامن اے اور سی، اینٹی آکسیڈنٹس اور پانی سے بھرپور ہوتا ہے۔ دہی اور فیٹا چیز کیلشیم فراہم کرتے ہیں جبکہ دیگر اجزاء جیسے چنے، ہری مرچیں، زیتون، انار اور تازہ پودینہ اس کے غذائی فوائد کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔
کیا یہ چاٹ وزن کم کرنے میں مددگار ہے؟
جی ہاں! یہ چاٹ بائٹس کم کیلوریز پر مشتمل ہوتی ہیں، اس لیے یہ وزن کم کرنے والے افراد کے لیے ایک بہترین اور ہلکا پھلکا اسنیک ہے جو دن بھر توانائی اور تازگی بخشتا ہے۔
تربوز چاٹ کیسے بنائیں؟
تربوز چاٹ یا چاٹ ببائیٹس بنانے کے لئے ایک بڑے پیالے میں دہی، زیتون کا تیل، مصالحے، شہد، فیٹا چیز، ہری مرچیں اور اُبلے چنے ڈال کر اچھی طرح مِکس اور میش کرلیں۔ اب اس میں کٹی ہوئی سبزیاں، زیتون، انار دانہ اور تازہ پودینہ شامل کریں اور دوبارہ اچھی طرح مکس کریں۔
اب تربوز کو 2x2 انچ کے چوکور اور آدھے انچ موٹے قتلے میں کاٹیں اور ہر ٹکڑے پر فلنگ رکھیں اور اوپر سے تل، پستے، مائیکروگرینز اور انار دانہ چھڑکیں۔
لیجیے، آپ کی مزے دار تربوز چاٹ بائٹس تیار ہیں۔