خواتین کی ایک بڑی تعداد گھروں میں کھانے پکانے کے لیے پریشر ککر استعمال کرتی ہے کیونکہ اس سے نہ صرف وقت بچتا ہے بلکہ کھانا بھی جلدی اور اچھی طرح تیار ہوتا ہے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ککر پرانے ہو جاتے ہیں اور ان میں مختلف خرابیاں پیدا ہونے لگتی ہیں۔ ان میں سب سے عام مسئلے دو ہوتے ہیں، ایک ڈھکن کی خرابی دوسرے پانی کا باہر آنا۔
ان مسائل کی وجہ سے نہ صرف کھانا صحیح طرح نہیں پکتا بلکہ باورچی خانے میں بھی گندگی پھیلتی ہے۔ اگرچہ بہتر یہ ہے کہ پریشر ککر کو فوراً مرمت کروا لیا جائے یا نیا خرید لیا جائے، لیکن فوری طور پر ان چھوٹی خرابیوں سے نمٹنے کے لیے چند آسان اور سستے گھریلو ٹپس مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
جب ککر کا ڈھکن صحیح سے بند نہ ہو
اگر پریشر ککر پرانا ہو جائے تو اس کا ڈھکن اکثر صحیح سے بند نہیں ہوتا۔ اس وجہ سے پریشر نہیں بنتا اور سیٹی بھی نہیں بجتی، نتیجتاً کھانا صحیح نہیں پکتا۔
ایسی صورت میں آٹے کا ایک تازہ پیڑا بنائیں اور اسے ہاتھوں سے لمبا کر کے ککر کے کنارے پر چپکا دیں، پھر ڈھکن بند کر دیں۔ آٹا بندش کو مضبوط بنا دیتا ہے اور ہوا کے اخراج کو روکتا ہے۔ اس طریقے سے ککر کا ڈھکن صحیح طور پر بند ہو جاتا ہے اور پریشر بھی بننے لگتا ہے۔
جب پانی اُبل کر باہر نکلنے لگے
یہ مسئلہ بھی اکثر پریشر ککر میں سامنے آتا ہے، خاص طور پر جب ربڑ یا سیلنگ میں کچھ خرابی آ جاتی ہے۔ پانی اُبلنے کے دوران ککر کے کناروں سے بہہ کر چولہے کو گندا کر دیتا ہے۔
ایسی صورتِ حال میں کسی بھی تیل مثلاً سرسوں یا کھانے کے تیل کی ہلکی تہہ ککر کے ڈھکن کے کناروں پر لگا دیں۔ تیل کی وجہ سے پانی پھسل کر نیچے گر جائے گا اور باہر بہنے سے بچ جائے گا۔ اس سے ککر کی صفائی بھی بہتر رہے گی اورچولہا بھی صاف گندہ نہیں ہوگا۔
پریشر ککر کی یہ دو عام خرابیاں معمولی گھریلو تدابیر سے وقتی طور پر آسانی فراہم کرسکتی ہیں لیکن یہ سمجھنا ضروری ہے کہ یہ ٹپس صرف عارضی حل ہیں۔ بہتر یہی ہے کہ جیسے ہی ممکن ہو فوری طور پرککر کو کسی مستند کاریگر سے مرمت کروا لیا جائے یا نیا ککر خرید لیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار معاملے سے محفوظ رہا جائے اور کھانا بھی آسانی سے بنا کسی الجھن کے جلدی تیار کیا جاسکے۔