خوشبو صرف مہک نہیں، یہ ایک احساس ہے۔ کبھی کسی خوشبو سے بیتے لمحے یاد آتے ہیں، کبھی یہی خوشبو دل کو سکون دیتی ہے، تو کبھی ایک خوشبودار ماحول ہمارے موڈ کو بہتر بنا دیتا ہے۔ اور کبھی کبھی یہی کوشبو پہچان بن جاتی ہے۔ گھر میں پھیلی خوشبو صرف وہاں رہنے والوں کا مزاج ہی نہیں بدلتی، بلکہ آنے والوں پر بھی ایک خوشگوار اثر ڈالتی ہے۔
لیکن بازار کے مصنوعی ایئر فریشنرز میں موجود کیمیکلز نہ صرف نقصان دہ ہو سکتے ہیں بلکہ کبھی کبھار سانس یا الرجی کے مسائل بھی پیدا کر دیتے ہیں۔
تو کیوں نہ گھر کو قدرتی اور محفوظ خوشبو سے مہکایا جائے؟ چند سادہ، کم خرچ، اور آسان طریقے آپ کو دیں گے ایک تازہ، خوشبودار اور صحت مند ماحول۔
کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا گھرہلکی ہلکی خوشبو سے مہکتا رہے۔ تو آئیے آج ہم بتاتے ہیں آپ کو چند ایئر فریشنر بناے کے وہ طریقے جو قدرتی، محفوظ ، مؤثراور آسان ہیں ، جو نہ صرف آپ کے گھر کو خوشبودار بنائیں گے بلکہ صحت کے لیے بھی محفوظ ہیں اور آپ کی شخصیت کے عکاس بھی ہونگے۔
بیکنگ سوڈا اور تیل کا جادوئی جار
اس کے لئے آپ 1/2 کپ بیکنگ سوڈا لیں اور اس میں 10 سے 15 قطرے اپنا کوئی پسندیدہ ایسینشیئل آئل جیسے لیونڈر، لیموں یا پیپرمنٹ کے ڈال دیں۔ اب ایک چھوٹا شیشے کا جار اور کپڑا یا چھوٹے چھوٹے سوراخ والا ڈھکن لیں۔ یعنی بیکنگ سوڈا میں ایسینشیئل آئل ملائیں، جار میں ڈالیں اور کپڑے سے ڈھک کر ربڑ بینڈ لگا دیں۔ اور جہاں خوشبو درکار ہو، وہاں رکھ دیں۔ یہ دھیرے دھیرے خوشبو پھیلاتا ہے۔
سنگترے اور لونگ کا دیسی فریشنر
اسکے لئے آپ کو درکار ہیں سنگترے کے چھلکے اورایک چمچ لونگ اور پانی۔ برتن میں تمام اجزاء ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ گھر میں قدرتی اور دیسی خوشبو پھیل جائے گی۔ اب اسے فریج میں رکھ کر 2-3 دن دوبارہ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
جیل ایئر فریشنر
جیل ایئر فریشنر کے لئے آپ کو ضرورت ہوگی، 1 کپ پانی، 2 چمچ جلیٹن، ایسینشیل آئل کے چند قطرے، کھانے کا رنگ اگر آپ چاہیں، اور شیشے کا ایک چھوٹا جار۔
سب سے پہلے پانی گرم کریں، اس میں جلیٹن گھولیں۔ پھرایسینشیل آئل اور رنگ شامل کریں اور جار میں ڈال کر جما دیں۔ یہ کئی ہفتوں تک کام کرے گا۔
کافی بین ایئر فریشنر
کافی بین ایئر فریشنر کے لئے آپ کو چایئں ایک کپ تازہ coffee beans، ایک چھوٹا سا پیالہ یا کپ، ٹی لائٹ کینڈل (اگر اروما بڑھانا ہو)۔
آپ صرف کافی بینز پیالے میں ڈال کر جگہ جگہ رکھ دیں۔ یہ قدرتی مہک پیدا کرتے ہیں۔ اگر زیادہ اروما چاہیے تو کینڈل جلائیں اور بینز کے درمیان رکھ دیں۔
لیجے جناب گھر میں تیار کردہ ایئر فریشنرز اتنی آسانی سے گھر میں ہلکی ہلکی مہک کا زریعہ بن سکتے ہیں۔ یہ قدرتی ہیں ، بچوں اور پالتو جانوروں کے لیے محفوظ، سستے اور مؤثر بھی اور گھر میں دستیاب اجزاء سے تیارکئے گئے ایئر فریشنرز ہیں جو جیب پر بھاری بھی نہیں پڑتے اور گھر کے ماحول میں ایک ہلکی ہلکی مدھم خوشبو کا احساس ماحول کو خوشگوار بھی رکھتا ہے۔