دنیا کے مقبول ترین اور ارب پتی سمجھے جانے والے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) نے حال ہی میں ایک حیران کن انکشاف کیا ہے جس نے ان کے مداحوں کو چونکا دیا ہے۔ جمی ڈونلڈسن نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ وہ ذاتی طور پر اس وقت مالی تنگی کا شکار ہیں اور اپنی شادی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی والدہ سے رقم ادھار لے رہے ہیں۔
انہوں نے ایک پوسٹ کے جواب میں لکھا، ’دلچسپ بات یہ ہے کہ میں اپنی شادی کے اخراجات کے لیے والدہ سے قرض لے رہا ہوں۔‘
مسٹر بیسٹ ٹک ٹاک خریدنے کی دوڑ میں شامل ؟
انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اپنی زیادہ تر آمدنی اپنے یوٹیوب چینل اور ویڈیوز کی تیاری پر خرچ کر دیتے ہیں۔ ان کے مطابق، ’ہم اس سال تقریباً 25 کروڑ ڈالر صرف ویڈیوز کی پروڈکشن پر خرچ کریں گے۔‘
مسٹر بیسٹ نے مزید کہا کہ اگرچہ کاغذات میں ان کی کمپنیوں کی مالیت بہت زیادہ ہے، لیکن ان کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں اتنی رقم موجود نہیں، کیونکہ وہ اپنا تمام منافع دوبارہ کانٹینٹ میں لگاتے ہیں۔
کون ہیں مسٹر بیسٹ؟
مسٹر بیسٹ اپنے انوکھے اور بڑے پیمانے پر تیار کیے گئے یوٹیوب ویڈیوز، بھاری انعامی مقابلوں اور سماجی فلاحی کاموں کے لیے مشہور ہیں۔ ان کے چینل پر موجود ویڈیوز میں لاکھوں ڈالر کے انعامات، مہنگی کاریں، گھر، اور انسان دوست سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے ’Beast Games‘ کے نام سے ایک نئی رئیلٹی شو سیریز کا آغاز کیا ہے، جس میں فاتح کو ایک کروڑ امریکی ڈالر انعام میں دیے جائیں گے۔
صرف 27 سال کی عمر میں مسٹر بیسٹ ارب پتی شخصیات میں شامل ہوگئے
جمی ڈونلڈسن 2022 سے جنوبی افریقی کانٹینٹ کریئٹر تھییا بوئسن کے ساتھ رشتے میں ہیں۔ دونوں نے 2024 میں منگنی کی، اور اب ان کی شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ مگر حیرت انگیز طور پر، دنیا کے سب سے کامیاب یوٹیوبر کو اپنی ہی شادی کے اخراجات کے لیے ذاتی بچت ناکافی ہونے پر اپنی امی سے مدد لینی پڑ رہی ہے۔