یمن کی دیسی روایات میں گندھی ہوئی خوشبوؤں اور تیز مسالوں کا ایک منفرد انداز پایا جاتا ہے، اور ’کیبڈا‘ اسی روایت کا ایک نمائندہ پکوان ہے۔ عرب ممالک بالخصوص یمن میں’کیبڈا’ (Kebda) کو نہ صرف ناشتہ بلکہ دوپہر یا رات کے کھانے میں بھی پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں چٹخارے دار کھانوں کے شوقین افراد کے لیے یہ پکوان ایک نیا ذائقہ اور تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔
کیبڈا ڈش کیا ہے؟
کیبڈا دراصل بکرے کی کلیجی پر مبنی ایک یمنی ڈش ہے جو مختلف مسالوں ، لہسن، پیاز اور مختلف عربی مسالہ جات کے ساتھ پکائی جاتی ہے۔ اگرچہ روایتی طور پر ناشتے میں کھایا جاتا ہے، اس ڈش کو دن کے کسی بھی وقت استعمال کیا جا سکتا ہے۔ چاول، گرم نان یا یمنی روٹی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ سینڈوچ فلنگ کے ساتھ بھی پیش کیا جاسکتا ہے، کیبڈا صرف ذائقہ ہی نہیں بلکہ ’پروٹین اور آئرن سے بھرپور ایک توانائی بخش غذا‘ بھی ہے، جو جسم کو طاقت فراہم کرتی ہے۔
کیبڈا پکانے کی ترکیب
اجزاء:
- بکرے کی کلیجی – آدھا کلو (صاف اور ٹکڑوں میں کٹی ہوئی)
- دھنیا 1 چائے کا چمچ
- زیرہ 1 چائے کا چمچ
- کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ
- الائچی ½ چائے کا چمچ
- ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
- تیل 6-7 کھانے کے چمچ ،
- پیاز 1-2 عدد درمیانہ سائز (باریک کٹی ہوئی)
- ٹماٹر 1-2 عدد درمیانہ سائز (باریک کٹے ہوئے یا پیسٹ کی شکل میں)
- لہسن کا پیسٹ 1 چائے کا چمچ
- ادرک کا پیسٹ 1 چائے کا چمچ
- کیچپ 1 کھانے کا چمچ
- شملہ مرچ 1-2
- ہری مرچ 1-2
- نمک حسبِ ذائقہ
- لیموں کا رس 1 کھانے کا چمچ اور
- دھنیا گارنش کے لیے
تیاری
ایک گرائنڈر میں دھنیا، زیرہ، کالی مرچ، الائچی، ہلدی پاؤڈر اور گرائنڈر کو باریک پاؤڈر میں ڈالیں۔ اب ایک بڑے برتن میں تیل گرم کریں، پیاز ڈال کر براؤن ہونے تک بھونیں، پھر کٹے ہوئے ٹماٹر ڈالیں اور پانچ منٹ تک اچھی طرح ہلائیں۔ بکرے کی کلیجی شامل کریں اور پانچ منٹ تک ہلائیں۔ اس کے بعد لہسن اور ادرک کے پیسٹ ڈال کر مکس کریں۔ جب اچھی طرح بھن جائے تو کیچپ اور پاؤڈر مسالہ اور نمک شامل کریں مکس کرکے ایک ڈھکن سے 15-20 منٹ تک پکنے دیں۔ اسکے بعد کٹی ہوئی شملہ مرچ ڈال کر ہلائیں۔ پھر کٹی ہوئی ہری مرچیں بھی ڈال دیں اور مکس کریں۔ اب لیموں کا رس شامل کریں مکس کریں اور دھنیے کے پتوں سے گارنش کریں۔
غذائیت اور فائدے
کیبڈا میں شامل کلیجی’ آئرن، وٹامن اے، اور بی 12’ سے بھرپور ہوتی ہے۔ یہ نہ صرف خون کی کمی کو دور کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ جسم کو فوری توانائی بھی فراہم کرتی ہے۔ بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے یہ ایک صحت مند انتخاب ہے، خاص طور پر عید الاضحیٰ جیسے موقعوں پر جب تازہ کلیجی آسانی سے دستیاب ہوتی ہے۔
عید کے اس خاص موقع پراپنے گھر والوں یا مہمانوں کے لئے کچھ مختلف اور مزیدار پیش کرنا چاہتے ہیں، تو ’یمنی کیبڈا‘ ضرور بنائیں۔ یہ ایک آسان، جلدی تیار ہونے والا اور ذائقہ دار پکوان ہے جو آپ کے دسترخوان کی شان اور ذائقہ بڑھا دے گا۔