اگر آپ سمجھتے ہیں کہ پٹھوں کی طاقت بڑھانے کے لیے جم جانا اور بھاری وزن اٹھانا ضروری ہے، تو ماہرین کی نئی تحقیق آپ کی سوچ بدل سکتی ہے۔
میو کلینک، روچیسٹر (مینیسوٹا) میں پٹھوں کی تحقیق کے پروفیسر کینٹن کافمین کہتے ہیں کہ،
”ضروری نہیں کہ پٹھوں کی مضبوطی کے لیے آپ کو جم جانا پڑے۔ صرف لفٹ کے بجائے سیڑھیاں چڑھنے جیسے معمولی فیصلے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔“
خون میں شوگر کنٹرول کے لیے ہر45 منٹ بعد 10 اسکواٹس چہل قدمی سے زیادہ مؤثر؟
اسی طرح، جرمن اسپورٹ یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ایکسرسائز انٹروینشن کے پروفیسر لارس ڈوناتھ نے حالیہ تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ
”تحقیق سے واضح ہوا کہ چند منزلیں چڑھنا بھی جسمانی فوائد پہنچا سکتا ہے۔ یہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے خوش آئند خبر ہے جو شدید یا بھاری ورزش نہیں کر سکتے۔“
سیڑھیاں چڑھنے کے فوائد:
گر آپ جم نہیں جا سکتے یا وقت نہیں نکال پاتے، تو صرف سیڑھیاں چڑھنے جیسی روزمرہ کی سادہ عادات اپنا کر آپ نہ صرف اپنی جسمانی طاقت بڑھا سکتے ہیں بلکہ دل کی صحت، برداشت اور توازن کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔
نیند بینکنگ: نیند بچانے کا نیا طریقہ جو آپ کی کارکردگی بہتر بناتا ہے
سیڑھیاں چڑھنے سے پٹھوں کی طاقت میں اضافہ ہوتا ہے، دل کی صحت میں بہتری آتی ہے، وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے، یہی نہیں اس سے جسمانی توازن اور برداشت میں اضافہ اور روزمرہ کی سرگرمیوں میں بہتری بھی آتی ہے۔
”آپ کو مؤثر نتائج حاصل کرنے کے لیے خود کو بھاری وزن سے تھکانے کی ضرورت نہیں، صرف باقاعدہ معمول میں چھوٹے قدم شامل کرنا کافی ہو سکتا ہے،“ ڈوناتھ کہتے ہیں، جنہوں نے عمر رسیدہ افراد میں سیڑھی چڑھنے کے اثرات پر مطالعہ کیا ہے۔
اونٹاریو میں میک ماسٹر یونیورسٹی کے کائینولوجی پروفیسر سٹورٹ فلپس کہتے ہیں:
”اگرچہ گھریلو سیڑھیاں فائدہ مند ہیں، لیکن شاید مطلوبہ شدت کے لیے آپ کو تھوڑی زیادہ اونچی یا طویل سیڑھیاں درکار ہوں گی۔ لیکن پھر بھی، کیوں نہ آزمائیں؟“
اب سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اس ورزش کو حقیقی دنیا میں کیسے نافذ کیا جائے، جہاں کوئی ذاتی تربیت یا نگرانی موجود نہیں؟
اس سلسلے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ گھروں میں یا دفاتر میں ایسی جگہوں کی نشاندہی کرنا ضروری ہو گا جہاں سیڑھیاں چڑھنے جیسی سرگرمیوں کو اپنایا جا سکے۔
اگر آپ نے حال ہی میں سیڑھیاں چڑھنے کی مشق شروع کی ہے، تو ابتدا میں آہستہ آہستہ اپنی رفتار اور شدت میں اضافہ کریں تاکہ جسم کو ایڈجسٹ ہونے کا وقت ملے۔
جیسے جیسے آپ کی برداشت بہتر ہو، آپ بیک بیگ میں پانی کی بوتلیں یا دیگر وزن شامل کرکے ورزش کو مزید مؤثر بنا سکتے ہیں، یہ طریقہ وزن بردار جیکٹ جیسا اثر فراہم کرتا ہے۔
اگر آپ طاقت بڑھانے کے خواہش مند ہیں، تو سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ایک ایک قدم چھوڑ کر چڑھنے کی کوشش کریں یہ رانوں اور پٹھوں پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے، جس سے طاقت میں اضافہ ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ آپ انٹرول ٹریننگ بھی اپنا سکتے ہیں، جس میں ایک وقفے کے دوران تیز رفتاری سے اوپر چڑھنا اور پھر آہستہ آہستہ نیچے اترنا شامل ہے۔
سیڑھیاں چڑھنا ایک نہایت مؤثر، کم خرچ اور آسان جسمانی سرگرمی ہے جو نہ صرف کیلوریز جلانے میں مدد دیتی ہے بلکہ ٹانگوں کی مضبوطی، دل کی صحت، اور مجموعی فٹنس کو بہتر بنانے کا بہترین ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ یہ سستا، آسان اور مؤثر حل ہے۔ بس مستقل مزاجی شرط ہے۔