خوشبو یا خطرہ؟ پرفیومز اور لوشنز کا استعمال آپ کی جلد کو کیسے نقصان پہنچا سکتا ہے، جانئے؟
ہم روزمرہ کی زندگی میں خوشبو دار پرفیومز، لوشنز، اور دیگر ذاتی نگہداشت کی مصنوعات استعمال کرتے ہیں تاکہ خوشبودار محسوس کریں، خود کو بہتر محسوس کریں یا دوسروں پر اچھا تاثر ڈال سکیں۔ لیکن حالیہ سائنسی تحقیق نے یہ حیرت انگیز انکشاف کیا ہے کہ یہ مصنوعات نہ صرف ہماری خوشبو کو بدلتی ہیں بلکہ وہ ہماری جسمانی ایک قدرتی حفاظتی تہہ کو بھی بُری طرح متاثر کر سکتی ہیں۔
انسانی جسم کا ”آکسیڈیشن فیلڈ“ کیا ہے؟
پین اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین اور بین الاقوامی تحقیقی ٹیم نے ایک مطالعے میں انکشاف کیا ہے کہ انسانی جسم کے گرد ایک قدرتی کیمیائی ردعمل کی فضا موجود ہوتی ہے جسے ’ہیومن آکسیڈیشن فیلڈ‘ کہا جاتا ہے۔ جب ہم کسی کمرے میں ہوتے ہیں تو ہمارا جسم، جو عام طور پر ارد گرد کے ماحول سے زیادہ گرم ہوتا ہے، ارد گرد کی ہوا کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ اس ہوا میں موجود اوزون گیس ہماری جلد سے ٹکرا کر OH ریڈیکلز پیدا کرتی ہے۔ یہ ریڈیکلز ایک نہ دکھائی دینے والی ڈھال کی صورت میں ہمیں اوزون کی مضر اثرات سے بچاتے ہیں۔
مہنگے اور تیز خوشبو والے ایئر فریشنر سے جان چھڑائیں،گھر پر ایئر فریشنر بنائیں
لیکن جب ہم پرفیوم یا یہاں تک کہ بغیر خوشبو والے لوشن کا استعمال کرتے ہیں، تو ہم اس قدرتی دفاعی نظام کو بگاڑ دیتے ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ان مصنوعات میں موجود نامیاتی مرکبات یا آرگینک کمپاؤنڈز انسانی آکسیڈیشن فیلڈ کو بدل دیتے ہیں۔ خوشبو والے پرفیوم فوری طور پر فضا میں تحلیل ہو جاتے ہیں اور او ایچ ریڈیکلز کو منتشر کر دیتے ہیں، جب کہ لوشن زیادہ دیر تک اس اثر کو قائم رکھتے ہیں۔ ایک تجربے میں جب رضاکاروں نے بغیر خوشبو والا عام لوشن استعمال کیا، تو ان کے جسم کے گرد او ایچ ریڈیکلز کی مقدار تقریباً 140 فیصد کم ہو گئی، یعنی قدرتی حفاظتی تہہ آدھی سے بھی کمزور ہو گئی۔
خوشبو کو تادیر برقرار رکھنے کے چند مفید طریقے، اسے ضرور آزمائیں
یہ ردعمل کیوں خطرناک ہو سکتا ہے؟
یہ حفاظتی آکسیڈیشن فیلڈ اوزون جیسی نقصان دہ گیسوں کو براہِ راست جسم میں داخل ہونے سے روکتی ہے، اور اس میں تبدیلی ہمارے اندرونی نظام کو متاثر کر سکتی ہے۔ جب یہ فیلڈ متاثر ہوتی ہے تو ثانوی کیمیائی ردعمل پیدا ہوتے ہیں، جن کے نتیجے میں مزید غیر متوقع مرکبات پیدا ہو سکتے ہیں جنہیں ہم سانس کے ذریعے اندر لے سکتے ہیں۔ ابھی ان مرکبات کے اثرات مکمل طور پر معلوم نہیں، لیکن ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ یہ انسانی صحت کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ ہو سکتے ہیں۔
چونکہ ہم اپنی زندگی کا تقریباً 90 فیصد وقت اندرونی جگہوں میں یا اِن ڈور گزارتے ہیں، اس لیے اندرونی ہوا کا معیار ہماری صحت پر بہت گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ہم صرف باہر سے آنے والی آلودگی سے ہی متاثر نہیں ہوتے بلکہ ہماری اپنی روزمرہ کی عادات بھی اس میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
بہت زیادہ پرفیوم لگانے کے نقصانات
حفاطتی تدابیر کیا کی جائیں؟ اس کے لئے خوشبوؤں اور لوشنز کا استعمال کم کریں یا صرف قدرتی اجزاء والے مصنوعات کا انتخاب کریں۔ ہوا کی بہتر نقل و حرکت کے لیے کمروں کی وینٹیلیشن بہتر بنائیں۔
تحقیق میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی اس میدان میں مزید مطالعہ درکار ہے تاکہ ہم مکمل طور پر ان ذاتی نگہداشت کی اشیاء کے اثرات کو سمجھ سکیں۔