کیا آپ کبھی اپنے فریج میں جھانک کر تھوڑا سا پیسہ بچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن پھر بھی مزیدار کھانے کا سوچتے ہیں؟ فکر نہ کریں، آپ اکیلے اس قسم کی صورت حال کا شکار نہیں ہیں۔
خوشخبری یہ ہے کہ کم بجٹ میں بھی مزیدار، غذائیت سے بھرپور اور جیب پر بوجھ نہ ڈالنے والے کھانے بنائے جا سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی اپنی پسندیدہ غذا بنانا چاہتے ہیں اور پیسوں کو بچانا چاہتے ہیں، تو یہ طریقے آپ کے لیے ہیں۔
دفتر کا مصروف دن؟ یہ 6 اسنیکس آپ کو توانا اور توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دیں گے
کھانے کا منصوبہ بنانے کی اہمیت کیوں؟
اکثر لوگ یہ نہیں جان پاتے کہ غیر ضروری خریداری اور آخری لمحے میں کھانا باہر سے منگوانا ان کے خرچ کو کتنی تیزی سے بڑھا دیتا ہے۔
لیکن حقیقت میں کھانے کا منصوبہ بنانا ایک سادہ عادت ہے جو آپ کو بہت ساری بچت دے سکتی ہے۔ یہ اخراجات کو کم کرتا ہے، خریداری کی فہرست بناتا ہے اور مصروف ہفتوں میں دباؤ کو کم کرتا ہے۔ سب سے اچھی بات؟ آپ صحت بخش اور مزیدار کھانے کھا سکتے ہیں، وہ بھی کم بجٹ میں۔
خوشبودار ذائقے کے لیے ان دو اجزاء سے میرینیٹ کریں
اپنے بجٹ اور ضروریات کو جانیں
سب سے پہلے اپنے گھر کے مطابق ایک ہفتہ وار خریداری کا بجٹ بنائیں۔ پھر، اپنے کچن کا جائزہ لیں کہ آپ کے پاس پہلے سے کون سی اشیاء موجود ہیں؟
آپ کے پاس شاید کچھ اجزاء ہوں جیسے کہ خشک لوبیا، چاول یا فریز کی ہوئی سبزیاں جو آپ نے کبھی استعمال نہیں کیں۔ ان چیزوں کے ارد گرد منصوبہ بنانا اخراجات کو کم کرتا ہے اور آپ کوبار بارخریداری سے بچاتا ہے۔
دولت حاصل کرنے کا ’سیکرٹ‘ کیا ہے؟ وہ خفیہ عادات جو کامیاب لوگ اپناتے ہیں؟
موسم اور سیل کے مطابق خریداری کریں
کیا آپ نے کبھی نوٹ کیا ہے کہ سردیوں میں اسٹرابیری کی قیمت دوگنی ہوجاتی ہے؟ موسمی سبزیاں خریدنے سے نہ صرف پیسہ بچتا ہے بلکہ آپ تازہ اور مزیدار سامان خرید سکتے ہیں۔
خریداری کرتے وقت دکانوں کے اشتہارات یا ایپس کو چیک کریں تاکہ آپ بہترین ڈیلز کا فائدہ اٹھا سکیں۔ اگر چکن سستا ہو تو اس کے ارد گرد کھانے جیسے اسٹرفرائی، سالن یا تکے بنا سکتے ہیں۔ اور اگر سیلز نہ ہوں تو دالیں، انڈے اور آلو جیسے بجٹ دوست اجزاء استعمال کریں۔
کھانا پہلے سے تیار کریں
کھانا پہلے سے تیار کرنا آپ کے وقت اور پیسہ بچانے کا بہترین طریقہ ہے۔ ہفتے میں ایک یا دو دن وقت نکال کرزیادہ کھانا پکائیں۔ سبزیاں جیسے گاجر، گوبھی بھون کر تیار کریں اور ساتھ ہی چاول یا چنا دال بھی پکائیں۔
ان چیزوں کو بچا کر مختلف پروٹین جیسے کہ بچا ہوا چکن، پنیر یا راجما کے ساتھ ملا کر مختلف کھانے بنائیں۔
بچ جانے والے کھانے کا استعمال کریں
بچ جانے والے کھانے کو ضائع نہ ہونے دیں۔ ان کو نئی چیزوں میں تبدیل کریں۔ مثلاً، کل کا چاول مزیدار فرائیڈ رائس میں بدل سکتا ہے یا بچی ہوئی سبزیوں سے مزیدار سوپ بنایا جا سکتا ہے۔
اگر روٹی باسی ہو گئی ہو تو اسے ٹوسٹ کر کے کراؤٹنز بنا سکتے ہیں یا ناشتہ کے لیے کیسرول تیار کر سکتے ہیں۔
سمارٹ خریداری کریں
کھانے کی خریداری خالی پیٹ نہ کریں، ہمیشہ اپنی فہرست پر قائم رہیں اور غیر ضروری خریداری سے بچیں۔ قیمتوں کا موازنہ کریں (جیسے فی اونس) تاکہ آپ بہترین ڈیلز حاصل کر سکیں۔ ضروری اشیاء کے لیے تھوک مارکیٹس یا سستے گروسری اسٹورز کا انتخاب کریں۔
بجٹ کے تحت کھانے کا منصوبہ بنانا حکمت عملی کا معاملہ ہے، قربانی کا نہیں۔ جب آپ اپنے بجٹ کو جانتے ہیں، خریداری کو سمجھداری سے کرتے ہیں، اور تخلیقی طریقے سے کھانے پکاتے ہیں تو آپ لذیذ اور صحت بخش کھانوں کا لطف اٹھا سکتے ہیں، وہ بھی مالی مشکلات کے بغیر۔
تو پھر آپ کو کس کا انتظار ہے؟ فورا فہرست بنائیں، اپنے کچن کا جائزہ لیں اور اگلے ہفتے کے لیے اپنے بجٹ دوست کھانے تیار کریں۔