بڑی بڑی کمپنیوں میں ٹیلنٹ کی کمی اکثر کمپنی کلچر پر نہیں بلکہ قیادت کے انداز پر منحصر ہوتی ہے۔ اور یہی بات بھارت کی مشہور کمپنی ”ماما ارتھ“ (Mamaearth) کی شریک بانی غزل الگھ نے ایک وائرل لنکڈ ان پوسٹ میں واضح کی کہ ’لوگ نوکری نہیں چھوڑتے، وہ مینیجر چھوڑتے ہیں۔‘
غزل الگھ کے مطابق، ایک ملازم کی روزمرہ مینیجر سے بات چیت ہی طے کرتی ہے کہ وہ کمپنی میں ٹھہرے گا، ترقی کرے گا یا مایوس ہو کر چلا جائے گا۔ اور کمپنی کلچر کے علاوہ مینیجر ہی دوسری بڑہ وجہ ہوتا ہے جو کو اچھے ٹیلنٹ سے محروم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے 8 ایسے مینیجرز کی اقسام کی نشاندہی کی ہے جو اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو خاموشی سے دروازے کی طرف دھکیل دیتے ہیں۔
1۔ مائیکرو مینیجر
یہ مینیجر ہر کام پر قابو رکھتا ہے، یعنی ہر چھوٹے کام میں دخل اندازی کرتا ہے اور اعتماد کی گنجائش نہیں چھوڑتا۔
2 ۔ کریڈٹ چور مینیجر
یہ مینیجر کامیابی کا جشن تو مناتا ہے، لیکن کریڈٹ دینا بھول جاتا ہے۔ یا خود اس کام کا کریڈٹ لے لیتا ہے۔
3 ۔ بھوتیا (غائب) مینیجر
یہ مینیجر رابطے میں نہیں رہتا، نہ رہنمائی دیتا ہے نہ حوصلہ افزائی۔
4 ۔ غصے والا مینیجر
اس طرح کے مینیجر کے مزاج کی شدت اور بات بات پر غصہ ٹیم کے استحکام کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔
5 ۔ معلومات چھپانے والا
یہ مینیجر اہم معلومات اور اسکلز خود تک محدود رکھتا ہے، اور دوسروں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔
6 ۔ کبھی خوش نہ ہونے والا
یہ ہمیشہ مزید کارکردگی چاہتا ہے لیکن پہلے سے حاصل شدہ کارکردگی کو سراہتا نہیں۔
7 ۔ من پسند پرست مینیجر
یہ مینیجر چند افراد کو ترجیح دے کر باقی ٹیم کو نظر انداز کرتا ہے۔
8 ۔ خطرہ نہ اٹھانے والا مینیجر
ایسا شخص نئے خیالات اور آئیڈیاز سے خوفزدہ ہوتا ہے، اور جدت کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔
غزل الگھ کا کہنا ہے کہ، ’قیادت صرف پالیسیز یا سہولتوں کا نام نہیں، بلکہ ہر دن اعتماد اور عزت پر مبنی ماحول بنانے کا نام ہے۔‘
انہوں نے آخر میں ایک اہم سوال اٹھایا، ’آپ نے ذاتی طور پر کیسی قیادت دیکھی ہے جس نے آپ کو متاثر کیا یا مجبور کیا کہ آپ آگے بڑھ جائیں؟‘
ان کی پوسٹ پر ہزاروں ردعمل آئے، جن میں کئی لوگوں نے اپنے تجربات شیئر کیے۔
ایک صارف نے لکھا، ’وہی لیڈر مجھے روکے رکھ سکے، جنہوں نے دل سے سنا اور ساتھ دیا۔ چھوڑنے پر مجبور کیا تو غلط رویے اور ایگو نے۔‘
ایک اور رائے میں کہا گیا کہ، ’ٹیم کو روزانہ کی بنیاد پر عزت، اعتماد اور جذبہ دینے والا مینیجر ہی دراصل کلچر بناتا ہے۔‘
ایک اور صارف نے مزید کہا، ’بالکل! ملازمین ہمدردی، تعریف اور تعلق چاہتے ہیں۔ اگر یہ نہیں ہے، تو کوئی فائدہ انہیں جانے سے نہیں روک سکتا۔‘
یہ یاد دہانی ہے کہ قیادت عہدوں کا نہیں، رویوں کا کھیل ہے۔