صحت اور غذائیت کی دنیا میں وہ چیزیں جو ہم اکثر بے دھیانی میں پھینک دیتے ہیں، دراصل ہماری صحت کے لیے نہایت قیمتی ہو سکتی ہیں۔ چاہے وہ مالٹے کا چھلکا ہو، سیب کی جلد ہو، تربوز کا سفید حصہ یا بادام کا باریک بھورا چھلکا ، اکثر یہی چیزیں ہمارے جسم کو درکار اہم غذائیت فراہم کرتی ہیں۔

ہم میں سے بہت سے لوگ روز رات کو بادام بھگو کر صبح ان کا چھلکا اتار کر کھاتے ہیں، یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ زیادہ فائدہ مند ہے۔ لیکن وہ چھوٹا سا چھلکا جو ہم معمولی سمجھ کر نکال دیتے ہیں، درحقیقت غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے اور نظامِ ہاضمہ سے لے کر دل کی صحت تک پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔

عمر کے حساب سے روزانہ کتنے بادام کھانے چاہیے؟ جانیے بادام کھانے کا صحیح طریقہ

لہٰذا، اگلی بار جب آپ بھیگے ہوئے بادام کھانے لگیں اور خودکار انداز میں چھلکا ہٹانے لگیں، تو ایک لمحے کو رک کر سوچیں۔ صرف سفید بادام ہی نہیں، بلکہ اس کے ساتھ موجود قیمتی چھلکا بھی آپ کے جسم کا حق ہے کیوں کہ اصل فائدہ اسی میں چھپا ہے۔

ماہرِ غذائیت لوونیٹ بٹرا کے مطابق، بادام نہ صرف توانائی فراہم کرتے ہیں بلکہ بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے، موڈ بہتر بنانے، وزن گھٹانے، شوگر کنٹرول کرنے اور ہاضمہ درست رکھنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔ ان میں موجود میگنیشیم، فائبر، پروٹین اور اہم امینو ایسڈز جسم کے مختلف نظاموں کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتے ہیں، خاص طور پر دل، دماغ اور آنتوں کی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔

ان چیزوں کے ساتھ بادام کھانا فائدے سے زیادہ نقصان پہنچا سکتا ہے

بادام کا چھلکا صرف ایک باریک جلد نہیں بلکہ غذائیت سے بھرپور حصہ ہے۔ اس میں پولیفینولز نامی اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو جسم میں سوزش کم کرتے ہیں اور بیماریوں سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔ ساتھ ہی اس میں وٹامن ای بھی ہوتا ہے جو جلد، آنکھوں اور قوتِ مدافعت کے لیے فائدہ مند ہے اور فائبر بھی شامل ہوتا ہے جو ہاضمے کو بہتر بناتا ہے۔

ماہرِین غذائیت کے مطابق، بادام کو چھلکے سمیت کھانا زیادہ مفید ہے، خاص طور پر اگر وہ بھیگا ہوا ہو۔ چھلکے میں موجود غذائی اجزاء قوتِ مدافعت بڑھانے، آنتوں کی صحت بہتر بنانے اور سوزش کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

بادام کے تیل کے استعمال کے 9 فوائد

اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ بادام کا چھلکا ہضم نہیں ہوتا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ صحت مند افراد کے لیے یہ فائبر نظامِ ہاضمہ کے لیے مفید ہوتا ہے، کیونکہ یہ آنتوں کی حرکت کو بہتر بناتا ہے اور فائدہ مند بیکٹیریا کو طاقت دیتا ہے۔

جہاں تک بچوں اور بزرگوں کا تعلق ہے، انہیں بادام چھلکے سمیت دینا محفوظ ہے، بس بہتر یہ ہے کہ بادام کو باریک پیس کر کھیر یا اسموتھی میں شامل کر دیا جائے تاکہ چبانے میں مشکل نہ ہو۔

بادام بغیر بھگوئے بھی کھائے جا سکتے ہیں، لیکن بھگونے سے یہ نرم ہو جاتے ہیں اور جسم میں کچھ غذائی اجزاء بہتر جذب ہو سکتے ہیں۔ تاہم، چاہے آپ بادام بھگو کر کھائیں یا ایسے ہی، چھلکا ضرور رکھیں، کیونکہ اصل غذائیت اسی میں چھپی ہوتی ہے۔

اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ بادام کو اپنی روزمرہ خوراک کا حصہ کیسے بنائیں تو چند مزیدار طریقے یہ ہو سکتے ہیں:

بادام کی چٹنی: مسالے اور ہربز کے ساتھ ملا کر مزیدار چٹنی بنائیں۔

بھنے ہوئے بادام: مصالحوں کے ساتھ بھون کر صحت بخش اسنیک تیار کریں۔

اوٹس بادام بسکٹ: شہد، گندم اور بادام سے بنے ہلکے میٹھے بسکٹ شام کی چائے کے لیے بہترین ہیں۔

کیلا بادام دلیہ: بادام، کیلا، شہد اور چیا سیڈز کے ساتھ گرم ناشتہ، جو توانائی سے بھرپور ہوتا ہے۔

بروکلی بادام سوپ: غذائیت سے بھرپور ہلکا پھلکا سوپ، خاص طور پر سردیوں کے لیے مفید۔

بادام کا چھلکا پھینکنا ایسے ہے جیسے خزانے کا سب سے قیمتی حصہ ضائع کرنا۔ اگلی بار جب بادام بھگونے لگیں تو یاد رکھیں، چھلکے کے ساتھ کھائیں تاکہ مکمل فائدہ حاصل ہو سکے۔

More

Comments
1000 characters