آم کا موسم ختم ہونے کو ہے مگر اس کا ذائقہ بھلانا مشکل ہے۔ اگر آپ بھی اُن لوگوں میں شامل ہیں جو آم سے خاص محبت رکھتے ہیں تو خوش ہو جائیں، کیونکہ چند سادہ طریقوں سے آپ آموں کو سال بھر اپنی خوراک کا حصہ بنا سکتے ہیں۔

آم ایک ایسا پھل ہے جو اپنی مٹھاس اور خوشبو کے باعث دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ اس کا رس بھرا ذائقہ اور دلکش رنگ گرمیوں کی خاص پہچان بن جاتا ہے۔ لیکن جیسے ہی موسم گرما رخصت ہونے لگتا ہے، آم کے شوقین افراد کو اس کی کمی محسوس ہونے لگتی ہے۔

آم کے چھلکے نہ پھینکیں، انہیں استعمال کرنا سیکھیں

خوش آئند بات یہ ہے کہ اب آم سے لطف اندوز ہونے کے لیے اگلی گرمیوں کا انتظار ضروری نہیں۔ تھوڑی سی منصوبہ بندی اور چند سادہ طریقوں سے آپ آموں کا مزہ موسم کے بعد بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔

یہاں ہم آپ کو آم محفوظ کرنے کے پانچ آزمودہ طریقے بتا رہے ہیں تاکہ آپ کو اگلی گرمیوں تک انتظار نہ کرنا پڑے۔

زیادہ آم کھانے کے سائیڈ افیکٹس

آم کو فریز کرلیں

سب سے آسان اور مؤثر طریقہ یہ ہے کہ آم کو فریز کر لیا جائے۔ پکے ہوئے آم کو چھیل کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹیں، انہیں ایک ٹرے پر رکھ کر جمائیں، پھر کسی ایئر ٹائٹ بیگ یا ڈبے میں محفوظ کر لیں۔ یہ آم آسانی سے لسی، ملک شیک، میٹھے یا چٹنی میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

آم کا گودا تیار کریں

اگر آپ آم کو پیوری یا آم رس کی صورت میں پسند کرتے ہیں تو آم کا گودا بنا کر اسٹور کریں۔ پکے ہوئے آموں کو بلینڈ کریں اور صاف شیشے کی بوتلوں یا فریزر والے برتنوں میں رکھ لیں۔ آپ گودا آئس کیوب ٹرے میں جما کر بھی بعد میں استعمال کر سکتے ہیں، خاص طور پر مشروبات یا میٹھوں میں۔

آم اندر سے براؤن کیوں ہو جاتے ہیں؟ اس سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟

آم کو سکھالیں

سوکھے آم نہ صرف مزیدار ہوتے ہیں بلکہ صحت بخش اسنیک بھی ہیں۔ آم کے باریک ٹکڑے کاٹ کر دھوپ میں سکھائیں یا اوون میں ہلکی آنچ پر خشک کریں۔ بعد ازاں ان ٹکڑوں کو کسی ایئر ٹائٹ جار میں محفوظ کر لیں۔ یہ سوکھے آم ناشتے، گرینولا یا ڈیزرٹ پر ڈال کر کھائے جا سکتے ہیں۔

بازار سے محفوظ شدہ آم خریدیں

اگر آپ کے پاس آم محفوظ کرنے کا وقت یا سہولت نہیں تو بازار میں دستیاب فریز آم، آم کا گودا یا خشک آم بھی ایک اچھا متبادل ہیں۔ لیکن خریدتے وقت لیبل ضرور چیک کریں کہ اس میں غیر ضروری شکر یا کیمیکل شامل نہ ہوں۔

روایتی طریقے اپنائیں

ہمارے گھروں میں پرانے وقتوں سے آم محفوظ کرنے کے دیسی طریقے رائج ہیں جیسے کہ آم کا اچار یا مربہ۔ کچے آم سے بنا اچار لمبے عرصے تک ذائقہ برقرار رکھتا ہے اور کھانوں کا مزہ بڑھا دیتا ہے۔ اسی طرح آم کا مربہ، جو چینی کے شیرے میں پکایا جاتا ہے، ٹھنڈی تاثیر کے ساتھ میٹھا ذائقہ بھی دیتا ہے۔

تو اب جب آم کا موسم ختم ہو رہا ہے، آپ کو اس سے الوداع کہنے کی ضرورت نہیں۔ ان آسان طریقوں سے آم کو سال بھر اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور ہر موسم میں اس کے ذائقے سے لطف اٹھائیں۔

More

Comments
1000 characters