گوگل نے 7 جولائی 2025 سے اپنے اے آئی چیٹ بوٹ ’جیمنائی‘ میں ایک بڑی تبدیلی متعارف کروائی ہے۔ اس اپڈیٹ کے بعد، ’جیمنائی‘ اب اینڈرائیڈ فون کی مختلف ایپس جیسے ’فون ایپ‘، ’میسجز‘، ’واٹس ایپ‘ اور دیگر تھرڈ پارٹی ایپس کے ساتھ خود بخود جُڑ سکتا ہے۔

یہ فیچر اب ’بائی ڈیفالٹ‘ یعنی خودکار طور پر کام کرتا ہے، چاہے آپ نے ’جیمنائی ایپ‘ کھولی ہو یا نہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کا فون اب ’جیمنائی‘ کو یہ اجازت دیتا ہے کہ وہ مختلف ایپس کے ذریعے کال کرے، میسج بھیجے یا ٹائمر لگائے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر صارفین کی سہولت کے لیے لایا گیا ہے تاکہ ’ہینڈز فری‘ طریقے سے فون کو استعمال کیا جا سکے۔ جیسے اگر آپ ڈرائیو کر رہے ہوں یا ہاتھ مصروف ہوں، تو آپ صرف بول کر کام لے سکتے ہیں۔

لیکن اس اپڈیٹ نے صارفین میں کچھ خدشات بھی پیدا کیے ہیں۔ خاص طور پر ’پرائیویسی‘ سے متعلق سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ چونکہ یہ فیچر خودکار ہے، کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ ’جیمنائی‘ ان کی اجازت کے بغیر ان کے فون ڈیٹا تک رسائی حاصل کر رہا ہے۔

ایک ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کروانے والا ’جیٹ پیک‘ تیار، آزمانا چاہیں گے؟

گوگل کے مطابق جب آپ کی ’ایپس ایکٹیوٹی‘ بند ہو تب بھی ’جیمنائی‘ محدود حد تک کچھ معلومات حاصل کرتا ہے تاکہ سروس بہتر بنائی جا سکے۔ مثلاً، چیٹس کو ’72 گھنٹے‘ تک محفوظ رکھا جاتا ہے، حالانکہ یہ مستقل طور پر اسٹور نہیں کی جاتیں۔ اگر کوئی صارف یہ فیچر نہیں چاہتا تو اس کے پاس دو آپشنز موجود ہیں:

  • پہلا یہ کہ ’جیمنائی ایپ‘ کی سیٹنگز میں جا کر مخصوص ایپس کے لیے رسائی بند کر دی جائے۔
  • دوسرا یہ کہ ’جیمنائی ایپ‘ کو مکمل طور پر ڈیلیٹ یا ’ڈیسیبل‘ کر دیا جائے۔

بہت سے صارفین نے سوشل میڈیا پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گوگل نے یہ تبدیلی بغیر واضح اطلاع کے متعارف کرائی، اور اس سے ان کے ’ڈیٹا کنٹرول‘ کا حق متاثر ہوا ہے۔

اس سب کے باوجود، کچھ لوگ اس فیچر کو کارآمد بھی سمجھتے ہیں۔ خاص طور پر وہ افراد جو گوگل اسسٹنٹ کو پہلے استعمال کرتے تھے، اب وہ ’جیمنائی‘ کے ذریعے زیادہ سمارٹ اور تیز سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

امریکا نے ایئرپورٹس پر اپنا تلاشی کا 20 سال پرانا ضابطہ ختم کردیا

گوگل کا کہنا ہے کہ ’جیمنائی‘ وقت کے ساتھ مزید فیچرز لے کر آئے گا اور یہ ’گوگل اسسٹنٹ‘ کی جگہ لے سکتا ہے۔ اینڈرائیڈ 16 اور Wear OS جیسے پلیٹ فارمز پر ’جیمنائی‘ کو ڈیفالٹ اسسٹنٹ بنانے پر کام ہو رہا ہے۔

تو جناب اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا ذاتی ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے، تو بہتر ہے کہ سیٹنگز میں جا کر رسائی کو بند کریں یا ایپ کو ہٹا دیں۔ اگر آپ کو ’ہینڈز فری‘ سہولت درکار ہو، تو یہ فیچر آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

More

Comments
1000 characters