ایک عام خیال ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے صرف خوراک اور جم جانا ہی کافی ہے۔ لیکن جدید سائنسی تحقیقات پر نظر ڈالی جائے تو معاملہ کچھ مختلف نظر آتا ہے۔ جس کے مطابق نیند کا کردار اس عمل میں سب سے زیادہ اہم ثابت ہو رہا ہے۔

اگر آپ نیند پوری نہیں کرتے تو نہ صرف چڑچڑاپن، تھکن اور توجہ کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں بلکہ آپ کا وزن بھی بڑھ سکتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیاں مائیگرین کا سبب بن سکتی ہیں، ماہرین کی تحقیق

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ نیند توانائی بحال کرتی ہے، جسم کے خلیوں اور بافتوں کی مرمت کرتی ہے اور مدافعتی نظام کو تقویت دیتی ہے۔ لیکن جب نیند میں خلل آتا ہے یا اس کی مقدار کم ہو جاتی ہے، تو جسم میں بھوک اور پیاس کے احساس کو کنٹرول کرنے والے ہارمونز لیپٹن (Leptin) اور گریلین (Ghrelin) کا توازن بگڑ جاتا ہے۔ لیپٹن کی کمی اور گریلین کی زیادتی خوراک کی طلب کو بڑھا دیتی ہے، جو بالآخر موٹاپے کا سبب بنتی ہے۔

امریکی ادارہ برائے امراض قلب (AHA) اور سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) کے مطابق بالغ افراد کو روزانہ کم از کم 7 گھنٹے کی معیاری نیند اور ہفتے میں 5 دن 30 منٹ کی درمیانے درجے کی ورزش کرنا ضروری ہے، جیسے کہ تیز چہل قدمی۔

ورزش کی عادت اور انسان کی شخصیت کے درمیان کیا رشتہ ہے؟

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نیند اور ورزش ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ اگر آپ نیند پوری نہیں کرتے تو آپ کے پاس ورزش کے لیے درکارتوانائی نہیں ہوگی اور اگر ورزش نہیں کریں گے تو نیند بھی متاثر ہو گی۔

اس کا ایک منفی پہلو یہ بھی ہے کہ جب انسان نیند کی کمی کا شکار ہوتا ہے تو اس کی قوتِ ارادی کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں وہ جنک فوڈ یا غیر صحت بخش خوراک کی طرف زیادہ مائل ہو جاتا ہے۔

کم وقت میں زیادہ فائدہ: مسلز بنانے کے لیے کتنی ورزش کافی ہے؟

لیکن ساتھ ہی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ نیند کی کمی ہی نہیں بلکہ ضرورت سے زیادہ نیند بھی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق جو افراد روزانہ 9 سے 10 گھنٹے یا اس سے زیادہ سوتے ہیں، ان میں وزن بڑھنے کا امکان ان افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے جو 7 سے 9 گھنٹے سوتے ہیں۔

نیند کا وقت، جم سے زیادہ اہم؟

کئی لوگ صبح سویرے اٹھ کر جم جاتے ہیں تاکہ وزن کم کیا جا سکے، لیکن طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جم جانے کے لیے نیند قربان کی جا رہی ہو، تو یہ حکمت عملی الٹی پڑ سکتی ہے۔

نیند کی کمی نہ صرف جسمانی تھکن بڑھاتی ہے بلکہ آپ کی بھوک میں 45 فیصد تک اضافہ کر سکتی ہے، جو وزن گھٹانے کی کوششوں کو متاثر کرتا ہے۔

اگر آپ صحتمند خوراک کھا رہے ہیں، باقاعدہ ورزش کر رہے ہیں لیکن پھر بھی وزن کم نہیں ہو رہا تو اپنی نیند کی عادات پرغورکریں۔ ایک مستقل نیند کا شیڈول اپنائیں، روزانہ کم از کم 7 گھنٹے کی نیند لیں اور ساتھ ہی جم جانے اور باقاعدہ ورزش کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

یاد رکھیں، صحت مند زندگی کے لیے نیند اور ورزش دونوں لازم ہیں لیکن ان میں توازن رکھنا اصل کامیابی ہے۔

More

Comments
1000 characters