بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اور ہمہ جہت اداکار کوٹا سرینواسا راؤ طویل علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں حیدرآباد میں انتقال کر گئے۔ ان کا انتقال اتوار کی صبح ان کی رہائش گاہ پر ہوا، جبکہ صرف دو روز قبل انہوں نے اپنی 83 ویں سالگرہ منائی تھی۔
آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے کوٹا سرینواسا راؤ نے 1978 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور چار دہائیوں پر محیط اپنے شاندار فنی سفر کے دوران 750 سے زائد فلموں میں مختلف کردار نبھائے۔ انہوں نے تیلگو، تامل، کنڑ اور ہندی زبانوں کی فلموں میں بھرپور اداکاری کے جوہر دکھائے۔
بھارتی اداکارہ پر شوہر کا چاقو سے وار، سر بھی دیوار میں دے مارا
وہ بالخصوص منفی کرداروں اور کیریکٹر رولز میں اپنی مؤثر اور جاندار اداکاری کے لیے شہرت رکھتے تھے۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ ہند نے 2015 میں انہیں ملک کے چوتھے بڑے شہری اعزاز ’پدما شری‘ سے نوازا۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ کوٹا سرینواسا راؤ نے سیاست میں بھی سرگرم کردار ادا کیا۔ وہ 1999 سے 2004 تک بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے آندھرا پردیش اسمبلی کے رکن رہے۔
بھارتی اداکار کا ماورا حسین کے ساتھ فلم کرنے سے انکار
ان کے انتقال پر فلمی و سیاسی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ مداحوں، ساتھی فنکاروں اور متعدد شخصیات کی جانب سے ان کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کا شمار بھارتی سنیما کے ان قابل احترام فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی فنی مہارت سے ایک ناقابلِ فراموش مقام حاصل کیا۔