اگر آپ اُن لوگوں میں شامل ہیں جو صبح بستر سے اٹھنے سے پہلے ہی موبائل اسکرول کرنا شروع کر دیتے ہیں اور سارا دن اپنی اسکرین سے چمٹے رہتے ہیں، تو یہ روزمرہ کی ایک ایسی عادت ہے جو آپ کی دماغی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔
چین میں ہونے والی ایک نئی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی جانے والی مختصر ویڈیوز انسانوں کو اس قدر عادی بنا رہی ہیں کہ اس سے ان کی دماغی صحت پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
چارجنگ پر لگانے کے باوجود اکثر موبائل فون چارج کیوں نہیں ہوتا
یہ تحقیق طبی جریدوں ”نیچرز“ اور ”جرنل نیورو امیج“ میں شائع ہوئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ شارٹ ویڈیوز دیکھنے کی عادت صرف ایک بے ضرر تفریح نہیں، بلکہ یہ ایک بدترین لت ہے، جو انسان کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے۔
تحقیق کے مطابق، شارٹ ویڈیوز دیکھنے والے افراد فیصلہ سازی کی صلاحیت میں کمی کا شکار ہو جاتے ہیں اور ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہیں۔
تحقیقی مطالعے میں 2500 سے زائد نوجوانوں کی دماغی صحت کا تجزیہ کیا گیا۔ اس دوران تین گروپ تشکیل دیے گئے، ایک گروپ کو مختصر ویڈیوز دکھائی گئیں، دوسرے گروپ کو اس سے دور رکھا گیا، اور تیسرے گروپ کو بہت کم ویڈیوز دیکھنے کا موقع دیا گیا۔
موبائل کا بےجا استعمال بچوں کے ذہنوں کو متاثر کرنے لگا
نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ جن نوجوانوں کو مختصر ویڈیوز دیکھنے کی اجازت دی گئی، ان میں سے 500 سے زائد یونیورسٹی کے طلباء اس عادت کا شکار ہوئے اور ان کی دماغی صحت میں نمایاں تبدیلیاں آئیں۔
ان نوجوانوں کے دماغ کے وہ حصے متاثر ہوئے جو مالیاتی فیصلوں اور حساسیت سے متعلق ہیں۔ ماہرین نے اس لت کو منشیات یا جوا کھیلنے کی عادت کے مترادف قرار دیا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ بے مقصد اسکرین اسکرولنگ اور شارٹ ویڈیوز دیکھنے سے دماغ میں تبدیلیاں آتی ہیں، جس کے نتیجے میں افراد بغیر سوچے سمجھے فیصلے کرتے ہیں اور ان کی خطرات کا درست اندازہ لگانے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔
ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ شارٹ ویڈیوز کی لت کی وجہ سے صحت مند نوجوان بھی ڈپریشن کا شکار ہو رہے ہیں۔ صرف چین کی بات کی جائے تو وہاں 95.5 فیصد انٹرنیٹ صارفین اوسطاً 151 منٹ روزانہ شارٹ ویڈیوز دیکھ کر اپنی ذہنی صحت کو متاثر کر رہے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج کی بنیاد پر ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ دماغی صحت کو محفوظ رکھنے کے لیے شارٹ ویڈیوز دیکھنے کا دورانیہ محدود کرنا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ، جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور اسکرین ٹائم کو کنٹرول کرنے سے دماغی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔