پاکستان شوبز کی مشہور ماڈل اور اداکارہ علیزہ شانے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی سابق ساتھی اداکارہ منسا ملک نہ صرف انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں بلکہ ان کا نمبر دبئی میں موجود ایک مشکوک شخص کو دے کر ان کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش بھی کر چکی ہیں۔
علیزہ شاہ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ منسا ملک انہیں دھمکیاں دے رہی ہیں، خاص طور پر اس کے بعد جب علیزہ نے ان کے غلط رویے کو بے نقاب کیا۔
علیزے شاہ نے ریمپ پر اپنے گرنے کی وجہ شازیہ منظور کو قرار دے دیا
علیزہ شاہ نے مزید کہا کہ اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری منسا ملک پر عائد ہوگی۔
سوشل میڈیا پر سلسلہ وار پوسٹس میں علیزہ نے الزام عائد کیا کہ منسا انہیں نامعلوم نمبروں سے کالز کر کے ہراساں کر رہی ہیں۔
جگن کاظم نے علیزے شاہ سے معافی مانگ لی
علیزہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا، ”وہ مجھے نامعلوم نمبروں سے کال کر رہی ہے اور موت کی دھمکیاں دے رہی ہے۔اگر مجھے کچھ ہوا، تو جان لو کہ وہی ’میسنی‘ (ظاہر کچھ اور، باطن کچھ اور) اس کی ذمہ دار ہوگی۔“
علیزہ کے مطابق، یہ ہراسانی کا سلسلہ کوئی نیا نہیں بلکہ کئی سال پہلے سے جاری ہے، جب منسا نے پہلی بار ان کی کردار کشی کی کوشش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا،یہ وہی عورت ہے جس نے تین سال پہلے بھی میری کردار کشی کی کوشش کی تھی۔
اپنی ساکھ کا دفاع کرتے ہوئے علیزہ نے لکھا: ”میں نے آج تک جو بھی کمایا، عزت سے اور حلال طریقے سے کمایا ہے۔ لیکن جو حرام کھاتا ہے، نہ اسے خدا کا خوف ہوتا ہے اور نہ ہی اپنے انجام کی پرواہ۔“
تاہم، سب سے زیادہ حیران کن انکشاف جس نے مداحوں کو چونکا دیا علیزہ شاہ کا وہ بیان تھا جس میں انہوں نے منسا ملک پر الزام لگایا کہ انہوں نے ان کا نمبر دبئی میں موجود ایک شخص کو دیا، جس نے علیزہ سے رابطہ کر کے امیر افراد کی جانب سے غیر اخلاقی پیشکشیں کیں۔
علیزہ نے کہا کہ وہ شخص امیر کلائنٹس کی نمائندگی کر رہا تھا، جو علیزہ کے ساتھ وقت گزارنے کے بدلے رقم دینے کو تیار تھے۔
اداکارہ نے ان افراد کے ساتھ ہونے والی مبینہ گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں، جنہوں نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
معاملہ یہاں تک ختم نہیں ہوا اس تنازعے کے دوران ایک اور محاذ اس وقت کھلا جب معروف گلوکارہ شازیہ منظور نے سوشل میڈیا پر ایک مبہم مگر معنی خیز پوسٹ شیئر کی۔
یاد رہے کہ علیزے شاہ اس وقت اس ویڈیو کی وجہ سے بھی وائرل ہو رہی ہیں جس میں انہوں نے سینئر گلوکارہ شازیہ منظور پرجولائی 2025 کے آغاز میں ایک فیشن شو ریمپ واک کے دوران دھکا دینے اور گھسیٹنے کا الزام لگایا ہے۔
شازیہ منظور نے اس واقعے کے بعد انسٹاگرام پر ایک مبہم مگر معنی خیز پوسٹ شیئر کی، جس میں لکھا تھا،
”علم کی سب سے کمتر قسم وہ ہے جو صرف باتوں میں نظر آئے، اور علم کی سب سے اعلیٰ قسم وہ ہے جو کردار میں جھلکے۔“
اس پوسٹ کے جواب میں علیزہ شاہ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا: ”دنیا کے سامنے مجھے ہراساں کرنے کے بعد اب آنٹی کردار پر لیکچر دے رہی ہیں؟“
جیسے جیسے یہ تنازعہ شدت اختیار کر رہا ہے، مداحوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔ کچھ علیزہ شاہ کا دفاع کررہے ہیں، جبکہ کچھ انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ معاملے کو رفع دفع کر کے یہیں ختم کردیں۔
فی الحال علیزہ شاہ کے ان الزامات پر منسا ملک اور شازیہ منظور کی جانب سے کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا۔