اگر آپ اٹلی میں رہائش اختیار کرنے کے خواہش مند ہیں تو آپ کی یہ خواہش ناصرف پوری ہوسکتی ہے بلکہ وہاں منتقل ہونے پر آپ کو لاکھوں روپے بھی مل سکتے ہیں۔

اٹلی کے جزیرے سارڈینیا کی جانب سے وہاں آ کر بسنے والے افراد کو 15 ہزار یورو (35 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) فی کس دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا ہے، اس مقصد کے لیے سارڈینیا کی حکومت نے کروڑوں یورو کی رقم مختص کی ہے جو ہزاروں افراد کو دینے کے لیے کافی ہے۔

اٹلی کے مختلف خطوں میں اسی طرح لوگوں کو آکر بسنے کی ترغیب دی جارہی ہے، سارڈینیا کو اٹلی نے علاقائی خود مختاری دی ہوئی ہے اور وہاں کے رہائشی اپنا صدر خود منتخب کرتے ہیں۔

سارڈینیا کے صدر کا کہنا ہے کہ آبادی میں اضافے کے بغیر معاشی ترقی کا خواب ممکن نہیں اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی پالیسیوں پر کام کیا جارہا ہے۔

اس پروگرام میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو سارڈینیا کے کسی ایسے قصبے میں قیام کرنا ہوگا جہاں کی آبادی 3 ہزار سے کم ہوگی۔

انہیں جو رقم دی جائے گی وہ گھر کی آرائش نو پر خرچ کی جائے گی اور انہیں اس قصبے میں کُل وقتی قیام کرنا ہوگا، اسی طرح 18 ماہ کے اندر اس فرد کو سارڈینیا کو اپنے مستقل پتے کے طور پر رجسٹر کروانا ہوگا۔

بحیرہ روم کا دوسرا بڑا جزیرہ سارڈینیا خوبصورتی کے لیے جانا جاتا ہے، حکام کو توقع ہے کہ لوگ وہاں آسانی سے رہائش اختیار کرنے کے لیے تیار ہوجائیں گے۔

More

Comments are closed on this story.