معروف اداکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ کراچی کی مقامی مسجد میں ادا کردی گئی ہے۔

نمازجنازہ میں سیاسی و شوبز شخصیات سمیت اہل علاقہ اورعزیزو اقارب بھی شریک تھے، اداکار کی تدفین عیسیٰ نگری قبرستان میں کی جائے گی۔

گزشتہ رات اسٹیج اور ٹی وی کے نامور فنکار اسماعیل تارا 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

اہل خانہ کے مطابق وہ 3 روز سے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

گردے فیل ہوجانے کے باعث اسماعیل تارا کو کل صبح ہی وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا تھا۔ مرحوم نے سوگواران میں بیوہ، 4 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا۔

اداکار اسماعیل تارا 16 نومبر1949ء کو کراچی میں پیدا ہوئے اور1980 میں فن اداکاری سے وابستہ ہوئے۔

اسماعیل تارا نے متعدد ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں لازوال کردارادا کیے لیکن انہیں شہرت 1980 کی دہائی میں پی ٹی وی کے مزاحیہ خاکوں کے پروگرام ففٹی ففٹی سے ملی، انہیں بہترین کامیڈین کے متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

ففٹی ففٹی میں ماجد جہانگیر اور زیبا شہناز کے ساتھ ان کی جوڑی بہت کامیاب رہی۔ اسماعیل تارا نے ٹی وی اور اسٹیج کے علاوہ 14 پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا۔ فلم چیف صاحب اور فلم دیواریں میں کام پر بھی اسماعیل تارا کو نگار ایوارڈ دیا گیا۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ اسماعیل تارہ نے اپنی اداکاری کے ذریعے عوام کے دِلوں میں گھر کرلیا تھا ان کے انتقال سے جو خلاء پیدا ہوگا وہ کھبی پر نہیں ہو سکتا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے معروف کامیڈین اسماعیل تارا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہارکیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اسماعیل تارا کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

More

Comments are closed on this story.