بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو کی مقبولیت کا ایک نیا، منفرد اور حیران کن مظاہرہ اُس وقت سامنے آیا جب ان کے ایک مداح نے ان کے نام سے منسوب باقاعدہ ایک مندر تعمیر کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ غیر معمولی عقیدت آندھرا پردیش کے ضلع بپتلا کے گاؤں آلاپادو سے تعلق رکھنے والے ایک پرستار تینالی سندیپ نے دکھائی، جنہوں نے اداکارہ کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر ’دی ٹیمپل آف سمانتھا‘ کے نام سے یہ مندر نہ صرف بنایا بلکہ اسے خوبصورتی سے سجایا بھی۔

ہانیہ کی جگہ کوئی اور، ’سردار جی تھری‘ کی دوبارہ شوٹنگ

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مندر کے وسط میں سمانتھا کی دو مورتیوں کو رکھا گیا ہے، جن میں ایک بڑی اور دوسری چھوٹی ہے۔ مندر کو پھولوں، جھنڈیوں اور رنگ برنگی آرائش سے دلہن کی طرح آراستہ کیا گیا۔

سندیپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،”میں پچھلے تین سال سے سمانتھا کی سالگرہ مناتا آ رہا ہوں، اور اس بار میں نے ان کے اعزاز میں مندر بھی تعمیر کیا۔“

ماں نے خوف کے وقت ’یا علی مدد‘ پڑھنے کی تلقین کی، مہیش بھٹ کا انکشاف

انہوں نے مزید کہا، ”میں ہر سال یتیم اور نادار بچوں کے لیے کھانے کا اہتمام کرتا ہوں اور ان کے ساتھ کیک کاٹتا ہوں۔ سمانتھا کی انسان دوستی اور فلاحی کاموں نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے، میں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہتا ہوں۔“

یہ بھارت میں پہلا موقع نہیں کہ کسی مداح نے اپنی پسندیدہ شخصیت کے لیے اس حد تک عقیدت کا اظہار کیا ہو، لیکن سمانتھا کے لیے مندر تعمیر کرنے کا یہ انداز اور جذبہ اس معاملے کو منفرد بنا دیتا ہے۔

یاد رہے کہ سمانتھا حال ہی میں 2024 میں ایمیزون پرائم کی ویب سیریز“ سِٹاڈل: ہنی بنی“ میں اداکار ورون دھون کے ہمراہ جلوہ گر ہوئیں، اور جلد ہی وہ اپنے پروڈکشن ہاؤس ٹرالا موونگ پکچرزکے تحت فلم ’ما انٹی بنگرم‘ بھی پروڈیوس کریں گی۔

اس کے علاوہ وہ نیٹ فلیکس کی سیریز ”رکت برہمانڈ: دی بلڈی کنگڈم“ میں بھی نظر آئیں گی، جو ہدایت کار راج اینڈ ڈی کے کی تخلیق ہے۔

More

Comments
1000 characters