سائنسدانوں اور بایوٹیک اسٹارٹ اپس کی ایک ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ لیبارٹری میں اگایا گیا چمڑا (lab-grown leather) تیار کرنے جا رہے ہیں جو مشہور ڈائناسور ”ٹائیرینوسارس ریکس“ (T. rex) کے فوسلز سے حاصل کردہ کولیجن پر مبنی ہوگا۔
یہ منصوبہ تین اداروں کا مشترکہ منصوبہ ہے جن میں نیدرلینڈز کی The Organoid Company، برطانیہ کی Lab-Grown Leather اور امریکہ کی مارکیٹنگ ایجنسی VML شامل ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ چمڑا جانوروں کی ہلاکت، جنگلات کی کٹائی اور روایتی چمڑے کے خطرناک کیمیکلز کے بغیر ایک ماحول دوست اور اخلاقی متبادل فراہم کرے گا۔
تاہم سائنسی ماہرین اس دعوے پر شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ اب تک کسی بھی ٹی ریکس فوسل سے اصل ڈی این اے حاصل نہیں کیا جا سکا۔ کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹیم جس کولیجن کو بنیاد بنا رہی ہے وہ شاید اصل نہ ہو بلکہ آلودہ یا دیگر جانوروں کے کولیجن کا نتیجہ ہو۔
اگر ٹیم کے پاس واقعی محفوظ شدہ کولیجن ہے تو بھی اسے مکمل چمڑے میں تبدیل کرنا ایک طویل اور پیچیدہ عمل ہوگا۔ ٹیم کا مقصد پرانے پروٹین کو دوبارہ ترتیب دے کر مصنوعی خلیات میں کلون کرنا ہے تاکہ ٹی ریکس کی کھال سے متاثرہ چمڑا تیار کیا جا سکے۔
یہ تجربہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، لیکن اگر کامیاب ہوا تو یہ نہ صرف چمڑے کی صنعت میں انقلاب لا سکتا ہے بلکہ زندہ جانوروں کو بھی بیگ بننے سے بچا سکتا ہے۔