گزشتہ برس کے دوران کرناٹک میں زبان کے حوالے سے کئی تنازعات نے سرخیاں بنائیں۔ کبھی یہ جھگڑے آٹو رکشہ ڈرائیورز اور غیر کنڑ بولنے والے مسافروں کے درمیان ہوئے، تو کبھی حکومت کی طرف سے کنڑ زبان( بھارتی ریاست کرناٹک کی مقامی زبان) میں سائن بورڈز لگانے کے احکامات زیر بحث رہے۔
حال ہی میں، مشہور پلے بیک گلوکار سونو نگم کو بھی اسی قسم کے واقعے کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے نہایت دو ٹوک انداز میں ردِعمل دیا۔
ایک وائرل ویڈیو میں سونو نگم، جو اس وقت ایک ہندی گانا گا رہے تھے، اچانک اپنی پرفارمنس روک کر غصے کا اظہار کرتے ہیں۔ ایک طالبعلم نے بدتمیزی سے ”کنڑ، کنڑ“ کا نعرہ لگا کر مطالبہ کیا کہ وہ مقامی زبان میں گائیں۔
بھارتی سپر اسٹار مداحوں کے ہجوم میں زخمی، اسپتال منتقل
سونو نگم نے جواب دیا، میں نے اپنے کیریئر میں کئی زبانوں میں گانے گائے ہیں، لیکن میرے بہترین گانے کنڑ زبان میں ہی ہیں۔ جب بھی میں آپ کے شہر آتا ہوں، محبت کے ساتھ آتا ہوں۔ ہم دنیا بھر میں شوز کرتے ہیں، لیکن کرناٹک میں جب بھی شو ہوتا ہے تو بہت احترام کے ساتھ آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ، آپ نے مجھے ہمیشہ اپنے خاندان کی طرح عزت دی ہے، لیکن جب کوئی ایسا لڑکا جو میری عمر کے برابر بھی نہیں، بدتمیزی سے مجھے دھمکاتا ہے کہ کنڑ میں گاؤ، تو مجھے تکلیف ہوتی ہے۔
عرفان خان بیٹے سے کیوں ناراض تھے؟ بابل خان کا جذباتی انکشاف
انہوں نے اس رویے کا موازنہ پہلگام کے واقعے سے کیا اور کہا کہ، ”یہی نفرت کی وجہ پہلگام جیسے واقعات کا باعث بنتی ہے۔ دیکھیں آپ کے سامنے کون کھڑا ہے۔ میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں۔“
سونو نگم نے مزید کہا کہ وہ کنڑ زبان اور عوام سے بے حد محبت کرتے ہیں: ”میں دنیا بھر میں ہزاروں لوگوں کے سامنے شوز کرتا ہوں، اور جب بھی کوئی ایک بھی شخص ’کنڑ‘ کہہ دیتا ہے، تو میں ضرور کم از کم ایک لائن کنڑ میں گاتا ہوں۔ اتنی محبت ہے مجھے آپ سب سے۔ اس لیے براہ کرم نرم دلی دکھائیں۔“
یاد رہے کہ پہلے کبھی کسی مشہور شخصیت کے ساتھ ایسا واقعہ منظر عام پر نہیں آیا، لیکن عام شہریوں کی جانب سے غیر کنڑ بولنے والوں کے ساتھ بدسلوکی، زائد کرایہ لینے یا سواری سے انکار کرنے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔ کنڑ میں بورڈ نہ لگانے والی دکانوں کی توڑ پھوڑ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
سونو نگم نے اپنے تین دہائیوں پر محیط کیریئر میں 32 سے زائد زبانوں میں گانے گائے ہیں، جن میں کنڑ گانے بھی شامل ہیں۔ منگارو ملیے اور ننندالے ان کے مشہور ترین کنڑ گانوں میں شمار ہوتے ہیں۔