پاکستان کی مقبول ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا حالیہ دنوں میں اُس وقت شدید تنقید کی زد میں آ گئیں جب انہوں نے لندن میں صحافیوں کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی پر سوال کیے جانے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور صرف ہونٹ بند کرنے کا اشارہ کر کے خاموشی اختیار کی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، بعض نے انہیں ”بزدل“ اور ”غیر محب وطن“ تک قرار دیا۔
معروف ٹک ٹاکر جنت مرزا کا پاک بھارت تعلقات پر سوال کا جواب دینے سے گریز
سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی ٹرولنگ اور تنقید کے بعد جنت مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے مداحوں اور ناقدین کے لیے وضاحتی پیغام جاری کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ سیاست دان نہیں بلکہ فنکار ہیں، اور وہ سمجھتی ہیں کہ حساس معاملات پر بات کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے۔
ہانیہ عامر نے بھارتی میڈیا کو منہ توڑ جواب دے دیا، وائرل انسٹا پوسٹ جعلی قرار
اپنی انسٹا اسٹوری میں جنت مرزا نے لکھا،
”میں اپنی چھٹیاں لندن میں گزارنے والی تھی لیکن بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کی وجہ سے میں نے اپنا سفر مختصر کر کے وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے لیے میری محبت بے حد ہے اور میرے لیے اپنے ملک کی سلامتی اور خوشحالی سے زیادہ اہم کچھ نہیں ہے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ،
”جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، یہ صرف تباہی اور بربادی لاتی ہے۔ میرا پختہ یقین ہے کہ مسائل کو پرامن مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ تشدد اور جارحیت کے ذریعے۔“
اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا،
”آئیے اپنے پیارے وطن پاکستان کے لیے ایک پرامن حل اور ایک روشن مستقبل کی امید کریں۔“
جنت مرزا کا کہنا تھا کہ بطور فنکار اُن سے اکثر تفریح، ناچ، گانوں یا فیشن سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں، اور اچانک حساس سیاسی معاملات پر رائے لینا نہ صرف غیر متوقع ہوتا ہے بلکہ کئی بار غلط تاثر بھی پیدا کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ جنت مرزا نہ صرف پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی ٹک ٹاک اسٹار ہیں بلکہ اُن کی مقبولیت سرحد پار بھارت میں بھی ہے، جہاں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی فنکاروں پر تنقیدی بیانات سامنے آ رہے ہیں۔