بھارت کے مقبول ترین جوڑوں میں شامل کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما ہمیشہ ہی خبروں میں رہتے ہیں، چاہے وجہ ان کا پیار بھرا رشتہ ہو یا ان کے پروفیشنل کارنامے۔
لیکن اس بار ویرات کوہلی ایک سوشل میڈیا غلطی کے سبب تنازع کا شکار ہو گئے ہیں، جس نے انٹرنیٹ پر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔
یکم مئی کو ویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما کی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا:
”میری بہترین دوست، میری ہمسفر، میرا سکون، میرا سب کچھ… آپ ہماری زندگی کی روشنی ہیں۔ سالگرہ مبارک ہو میری محبت، انوشکا!“
اس پوسٹ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ مداح ابھی اس پوسٹ کے سحر میں تھے کہ ایک نئی سرگرمی نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
معروف اداکارہ اونیت کور کی 30 اپریل کو شیئر کی گئی بولڈ تصاویر پر ویرات کوہلی کے ”لائک“ کرنے کی خبر نے انٹرنیٹ کو ہلا کر رکھ دیا۔
اونیت کی پوسٹ میں وہ سبز کراپ ٹاپ اور شارٹ اسکرٹ میں نظر آ رہی تھیں۔
جلد ہی مداحوں نے نوٹ کیا کہ ویرات نے اس تصویر کو لائک کیا، اور پھر جلدی سے ان لائک بھی کر دیا۔ لیکن تب تک اسکرین شاٹس وائرل ہو چکے تھے، اور فین پیجز نے اسے پھیلا دیا۔
انسٹاگرام پر صارفین نے تبصروں کی بھرمار کر دی۔ کسی نے کہا، ”یہ کیا حرکت ہے کوہلی صاحب؟“ تو کسی نے مذاق کرتے ہوئے لکھا، ”پاپا کو فون دو، آکائے بیٹا!“ بعض نے اسے محض غلطی یا انسٹاگرام الگورتھم کی کارستانی قرار دیا، لیکن کچھ صارفین اس کو ویرات کی نیت سے بھی جوڑنے لگے۔
حتیٰ کہ کچھ تبصرہ نگاروں نے انوشکا شرما کو پوسٹ میں ٹیگ کر کے سوالات اٹھانے شروع کر دیے۔
اس بحث و مباحثے کے بعد، ویرات کوہلی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ایک واضح اور مہذب بیان جاری کیا۔ انہوں نے لکھا،
”اپنی فیڈ کو صاف کرتے ہوئے، ایسا لگتا ہے کہ انسٹاگرام الگورتھم نے غلطی سے کسی پوسٹ پر انٹریکشن کر لیا۔ اس کے پیچھے کوئی ارادہ یا مقصد نہیں تھا۔ گزارش ہے کہ اس بارے میں کوئی غیر ضروری مفروضہ نہ بنایا جائے۔ شکریہ!“
اس وقت ویرات کوہلی انڈین پریمیئر لیگ (IPL) میں مصروف ہیں، جہاں وہ رائل چیلنجرز بنگلورو (RCB) کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ٹیم نے اب تک دس میں سے سات میچز جیتے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ ان کی کارکردگی اور قائدانہ کردار کو سراہا جا رہا ہے، لیکن یہ سوشل میڈیا واقعہ ایک وقتی جھٹکا ضرور ثابت ہوا۔