تھائیلین بلونڈو، جسے صرف چھ سال کی عمر میں ’دنیا کی سب سے خوبصورت لڑکی‘ قرار دیا گیا تھا، اب 24 سال کی ہو چکی ہے اور فیشن کی دنیا میں تہلکہ مچا رہی ہے۔ بچپن میں ہی اپنے نیلی آنکھوں اور سنہرے بالوں سے سب کو متاثر کرنے والی تھائیلین نے اب ماڈلنگ، سوشل میڈیا، اور کاروبار میں نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔

سب سے کم عمر ووگ ماڈل

تھائیلین نے صرف 10 سال کی عمر میں ووگ پیرس کے لیے ماڈلنگ کر کے دنیا کی سب سے کم عمر ماڈل کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے پہلے وہ محض 3 سال کی تھیں جب فیشن ڈیزائنر ژاں پال گوتیئر (Jean Paul Gaultier) کے لئے کام کیا۔

بلونڈو اب مایہ ناز فیشن برانڈز جیسے مِیو مِیو، ڈولچے اینڈ گبانا، لوریال پیرس، ورساچے، رالف لورین اور ہوگو باس کے لیے کام کر چکی ہیں۔ ان کا شمار دنیا کے معروف ماڈلز میں ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا اور کاروباری سفر

تھائیلین نہ صرف ماڈل ہیں بلکہ ایک کامیاب کاروباری شخصیت بھی ہیں۔ ان کے دو برانڈز، ہیون مے کلاتھنگ (Heaven May Clothing) اور اینالائتھ (Enalyht)۔ فیشن اور بیوٹی انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے لاکھوں فالوورز ہیں جو ان کی زندگی اور پروجیکٹس کو فالو کرتے ہیں۔

صحت کے مسائل اور حوصلہ افزائی

بلونڈو نے حالیہ برسوں میں اپنی صحت سے متعلق مسائل پر بھی کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں اووری میں سِسٹ کا سامنا رہا، جن کے باعث انہیں کئی بار سرجری کروانی پڑی۔ ایک موقع پر تو ایک سِسٹ پھٹ گیا، جس نے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا۔

انہوں نے کہا، ’جب جسم میں تکلیف ہو تو اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، مختلف ڈاکٹروں سے رجوع کریں تاکہ اصل مسئلہ سامنے آ سکے۔ چھوٹی سی تکلیف بھی کسی بڑے مسئلے کی علامت ہو سکتی ہے۔‘

عاجزی اور انکساری

شہرت کے باوجود تھائیلین خود کو ایک عام انسان ہی سمجھتی ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا، ’ لوگ کہتے ہیں، تم دنیا کی سب سے خوبصورت لڑکی ہو’، اور میں کہتی ہوں، ’میں تو بس اپنا آئی پیڈ استعمال کر رہی ہوں۔‘ یعنی مصروف ہوں اور بس اتنا ہی۔ آج بھی لوگ ایسا کہتے ہیں، لیکن میں خود کو صرف ایک عام لڑکی سمجھتی ہوں’

More

Comments
1000 characters