جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے نومسلم گلوکار اور یوٹیوبر کم داؤد نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔
کم داؤد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پاکستان کے خوبصورت مناظر اور پُرامن فضاء پر مبنی ایک ویڈیو شیئر کی، جو ان کے حالیہ دورۂ پاکستان کی جھلکیاں دکھاتی ہے۔
عدنان سمیع خان کی متنازع ٹوئٹس: بھارتی حملے پر پاکستانی اینکرز کا مذاق اُڑانے پر عوام کا سخت ردعمل
ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا،
”یہ اُن تمام لوگوں کے لیے میرا جواب ہے جو کہتے تھے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ میں نے پاکستان میں نہ صرف سکون بلکہ بے حد محبت دیکھی ہے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور امن کے لیے دعاگو رہتے ہیں۔
یہ اظہارِ یکجہتی ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی فوج نے آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہری علاقوں پر بلااشتعال حملے کیے۔ بھارت کی اس بزدلانہ کارروائی میں 26 پاکستانی شہید اور 43 زخمی ہوئے۔
بھارتی کارروائی کے بعد پاکستان میں ’ایکس‘ کو بحال کردیا گیا
بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے کوٹلی، مظفرآباد اور باغ سمیت پنجاب کے مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔
پاک فوج نے دشمن کی اس جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ لڑاکا طیارے، ایک ڈرون، ایک انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور مہار یونٹ کے چھ بٹالین ہیڈ کوارٹرز تباہ کر دیے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستانی جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی، جو کہ بھارتی فوج کی پسپائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔