معروف پاکستانی گلوکار، اداکار اور سماجی شخصیت علی ظفر نے لاہور میں دھماکوں کی آوازیں سننے کے بعد اس بارے میں اپنے ایکس اکاؤنٹ پر آگاہ کیا۔
حال ہی میں لاہور میں دھماکوں کی آوازیں سننے کے بعد انہوں نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا، جس میں جنگ کے خطرات اور امن کی اہمیت پر زور دیا۔
بھارت سے سائبر حملوں کا خطرہ، شہری خود کو کیسے بچائیں؟ ہدایت جاری
علی ظفر نے لکھا،
”ہم نے ابھی اپنے گھر سے دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔ اُن تمام افراد سے جو جنگی نعرے لگا رہے ہیں، تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، میں پوچھتا ہوں۔ کیا آپ واقعی جانتے ہیں کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا مطلب کیا ہو سکتا ہے؟ یہ کوئی فلم نہیں، جنگ ایک تباہی ہے۔ اس کی قیمت معصوم لوگ چکاتے ہیں۔ بچے، خاندان، بے قصور جانیں۔“
انہوں نے عالمی برادری سے بھی فوری اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا:
”بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر مداخلت کرنی چاہیے تاکہ اس پاگل پن کو روکا جا سکے۔ دنیا کو جاگنا ہوگا۔ ہمیں امن چاہیے، دکھاوا نہیں۔ ہر جان قیمتی ہے، ہر قوم کو تحفظ کا حق حاصل ہے۔“
’اللہ اکبر تیار ہیں ہم‘ : قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا نیا ملی نغمہ
علی ظفر نے بات چیت کو ہی مسائل کا واحد پائیدار حل قرار دیتے ہوئے کہا،
”واحد حقیقی حل یہی ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، سنیں، اور مسئلہ حل کریں۔ اس خطے میں اربوں زندگیاں اسی پر منحصر ہیں۔“
ذرائع کے مطابق، علی ظفر کی والدہ کنول امین نے بھی ان حالیہ حالات پر گہری تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ان کا سب سے بڑا پچھتاوا یہ ہے کہ کئی دہائیوں سے ہم نئی نسلوں کو امن سے زیادہ نفرت سکھا رہے ہیں۔
ان کا ماننا ہے کہ اگر معاشروں میں برداشت، مکالمہ اور احترام کی تعلیم عام ہوتی، تو آج ہمیں ایسے دن نہ دیکھنے پڑتے۔
واضح رہے کہ علی ظفر نہ صرف پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری (لالی وُڈ) کا معتبر نام ہیں بلکہ بالی وُڈ میں بھی اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ ان کی مشہور فلموں میں ’تیرے بن لادن‘، ’میرے برادر کی دلہن‘، ’چشمے بدور‘، ’ڈیئر زندگی‘ شامل ہیں۔