’گوگل‘ نے حال ہی میں تفریحی صنعت میں قدم رکھنے کے لیے اپنے نئے فلم اور ٹی وی پروڈکشن ونگ کا آغاز کیا ہے جسے ’100 زیروز‘ کہا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ’گوگل‘ کے ساتھ ایک ’ملٹی ایئر پارٹنرشپ‘ کے تحت ’رینج میڈیا پارٹنرز‘ جوکہ ایک معروف پروڈکشن کمپنی ہے، کے ساتھ مل کر چلایا جائے گا۔ اس کا مقصد فلم اور ٹی وی منصوبوں کی مالی معاونت اورشراکت کے ساتھ پروڈکشن ہے۔
گوگل کا بنیادی مقصد تخلیقی کمیونٹی کو اپنی جدید ٹیکنالوجی مصنوعات اور خدمات کو اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔ ان خدمات میں گوگل کا ’Immersive View‘ شامل ہے، جو 3D تجربے کو ممکن بناتا ہے، اور دیگر ’اسپیشل ٹولز‘ جو کہ ویژول اور سٹوری ٹیلنگ میں جدت لانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
گوگل کی جانب سے کی جانے والی یہ پروڈکشن انیشیٹیو ’اے آئی‘ اور ’انٹرایکٹو سٹوری ٹیلنگ‘ کے میدان میں نئی تکنیکوں کا استعمال کرنے کے لئے تیار ہے۔ گوگل نے گزشتہ سال انڈی ہارر فلم ’Cuckoo‘ کی مارکیٹنگ کی حمایت کی تھی اور اس سال ’Sweetwater‘ اور ’LUCID‘ جیسی دو فلموں کی حمایت کی جا رہی ہے۔
رینج میڈیا پارٹنرز ایک معروف ہالی وڈ ’ٹیلنٹ ایجنسی اور پروڈکشن کمپنی‘ ہے جو پہلے بھی فلموں جیسے ’A Complete Unknown‘ اور’Longlegs’ میں کام کر چکی ہے۔ اس کمپنی کا مقصد گوگل کے ساتھ مل کر تخلیقی صنعت میں نیا مواد تخلیق کرنا ہے اور ان پروجیکٹس میں گوگل کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہے۔
گوگل کے ایک ترجمان نے کہا کہ ان کا مقصد ہالی وڈ کی تخلیقی کمیونٹی کے ساتھ ’محتاط اور فائدہ مند‘ طریقے سے تعاون کرنا ہے تاکہ تخلیقی اظہار کو ذمہ داری کے ساتھ سپورٹ کیا جا سکے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نئے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
اس منصوبے ’100 زیروز‘ میں اہم شخصیات میں فلم پروڈیوسر اور ’کیسی ڈورانٹ‘، ’ٹونی نگوین‘ جیسے ’ڈولپمنٹ ایگزیکٹو‘ شامل ہیں۔ رینج میڈیا پارٹنرز کی طرف سے ’رچرل ڈگلس‘ اس پورے پروجیکٹ کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ گوگل کی طرف سے ’جونیتھن زپ‘ اس پراجیکٹ کے مین رابطہ کار ہیں۔
گوگل یوٹیوب کا مالک ہونے کے باوجود اس منصوبے کو ’یوٹیوب‘ پر ریلیز نہیں کرے گا بلکہ ان پروجیکٹس کو ’روایتی فلم اسٹوڈیوز اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز‘ جیسے ’نیٹ فلیکس‘ کو فروخت کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس کا مقصد ان پروجیکٹس کو بڑی اسٹریمنگ سروسز اور اسٹوڈیوز تک پہنچانا ہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔