بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے نے اعلان کیا ہے کہ اگر پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کو فلم ’صنم تیری قسم‘ کے سیکوئل میں کاسٹ کیا گیا تو وہ اس پروجیکٹ سے الگ ہو جائیں گے۔
یہ اعلان ماورا کی جانب سے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔
حرا مانی نے کنگنا رناوٹ کو چھپکلی کہہ ڈالا
یاد رہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں مبینہ طور پر آپریشن سندور کے تحت پاکستانی علاقوں پر حملہ کیا تھا، جس میں کئی معصوم شہری جاں بحق ہوئے۔
اس حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں بشمول فواد خان، ماہرہ خان اور ماورا حسین نے شدید ردعمل دیا اور بھارتی اقدام کی کھل کر مذمت کی۔
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کا پول کھول دیا
ماورا حسین نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا،
”میں بھارت کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہوں۔ معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اللہ ہمیں اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ پاکستان زندہ باد!“
اگرچہ بھارتی سوشل میڈیا پر ان فنکاروں کے اکاؤنٹس بلاک کیے جا چکے ہیں، لیکن ان کے بیانات کے اسکرین شاٹس ٹوئٹر اور ریڈیٹ پر وائرل ہوگئے، جس کے بعد انہیں بھارتی صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی دوران ہرش وردھن رانے، جنہوں نے 2016 کی فلم ’صنم تیری قسم‘ میں ماورا کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا، نے انسٹاگرام پر جاری ایک بیان میں کہا،
”میں اس فلم کا حصہ بننے پر شکر گزار ہوں، لیکن موجودہ حالات اور ملک مخالف بیانات دیکھنے کے بعد، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر سیکوئل میں پرانی کاسٹ رکھی گئی، تو میں اس پراجیکٹ سے علیحدہ ہو جاؤں گا۔“
قابلِ ذکربات یہ ہے کہ فلم ’صنم تیری قسم‘ اپنی ریلیز کے وقت تو زیادہ کامیاب نہ ہو سکی تھی، لیکن حالیہ ری ریلیز کے دوران فلم نے خاصی مقبولیت حاصل کی، جس کے بعد سیکوئل بنانے کا اعلان کیا گیا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں دونوں ملکوں کے فنکاروں کے بیانات اور رویے اب سوشل میڈیا پر ایک نئے بحث کا باعث بن چکے ہیں۔