یونان سے ایک حیران کن خبر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے جہاں ایک خاتون نے ’اے آئی‘ کی مدد سے شوہر کی مبینہ بے وفائی کا سراغ لگانے کے بعد طلاق کے لیے درخواست دے دی۔ یونانی میڈیا کے مطابق، 12 سال سے شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں اس وقت خبروں کی زینت بنی جب اس نے اپنے شوہر کے خلاف ’چیٹ جی پی ٹی‘ کی مدد سے ثبوت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔

خاتون نے کافی کے پیالوں میں بچ جانے والے پتّی کے نمونوں کی تصاویر چیٹ جی پی ٹی کو بھیجیں اور قدیم طریقہ ’ٹیسوگرافی‘ سے حال جاننے کے طریقہ کار کو اپنایا۔ حیران کن طور پر، اے آئی نے جواب میں پیش گوئی کی کہ ان کا شوہر ایک کم عمر خاتون سے تعلقات میں ملوث ہے، جو ان کے گھر کو توڑنا چاہتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک خاتون کا ذکر بھی کیا گیا جس کے نام کا ابتدائی حرف ’E‘ بتایا گیا، اور دعویٰ کیا گیا کہ وہ ان کے شوہر کی ’مستقبل کی ساتھی‘ ہے۔

شوہر نے ان الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا، ’میں نے تو اسے مذاق سمجھا، مگر میری بیوی نے اسے سنجیدگی سے لیا۔ اس نے مجھے گھر سے نکال دیا، بچوں کو بتایا کہ ہم طلاق لے رہے ہیں، اور تین دن بعد وکیل کی طرف سے نوٹس موصول ہوا۔ تب مجھے اندازہ ہوا کہ معاملہ سنگین ہے۔‘

شوہر کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اس کی بیوی نے غیرمعمولی عقائد پر یقین کیا ہو، اس سے قبل بھی وہ ایک نجومی کے کہنے پر تقریباً ایک سال مختلف فیصلے کرتی رہی ہے۔

شوہر کے وکیل نے واضح کیا ہے کہ اے آئی کی پیش گوئی کسی بھی قانونی فورم پر ناقابلِ قبول ہے، ’جب تک الزام ثابت نہ ہو، مؤکل بے گناہ ہے۔‘

More

Comments
1000 characters