مشہور اداکارہ ارچنا پورن سنگھ اور اداکار و ہدایتکار پرمیت سیٹھی آج ایک خوشحال شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں، لیکن ان کی محبت کی کہانی عام کہانیوں سے کافی مختلف ہے۔ آج یہ جوڑا یوٹیوب پر اپنے ولاگز کے ذریعے اپنے مداحوں کو نہ صرف کھانوں کے شوق بلکہ اپنی ذاتی زندگی کی جھلکیاں بھی دکھاتا ہے۔ ان کے بیٹے آریامن اور آیوشمان بھی اکثر ان ویڈیوز میں نظر آتے ہیں۔ لیکن اس مثالی جوڑی کو ایک ساتھ آنے کے لیے خاصی جدوجہد کرنی پڑی۔
اس جوڑے کو شادی کا فیصلہ آدھی رات کو کرنا پڑا۔ ٹی وی شو’دی کپل شرما شو’ میں شرکت کے دوران، ارچنا اور پرمیت نے انکشاف کیا کہ انہیں رات 11 بجے شادی کا فیصلہ کرنا پڑا کیونکہ پرمیت کے والد ان کے رشتے کے سخت خلاف تھے۔ پرمیت نے مذاق میں کہا، ’ارچنا نے مجھے مجبور کیا کہ میں اس سے شادی کروں، اُس نے حالات ہی ایسے بنا دیے!‘ ارچنا نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ’اس نے مجھے پروپوز کیا تھا، اور ہم نے واقعی میں بھاگ کر شادی کی۔‘
ارچنا پورن سنگھ شوٹنگ کے دوران زخمی، اسپتال منتقل
پرمیت نے مزید بتایا، ’ہم ایک پنڈت کو ڈھونڈنے نکلے، اور جب ایک پنڈت ملا تو وہ بھی چونک گیا۔ اس نے پوچھا، ’لڑکی بالِغ ہے؟‘ میں نے کہا، ’میرے سے زیادہ بالِغ ہے‘۔ پنڈت نے کہا کہ اس وقت شادی کرنا صحیح نہیں، صبح کا شبھ مُہورت بہتر ہوگا۔ ہم نے اسے کچھ پیسے دیے، تو وہ اگلے دن صبح 11 بجے آیا اور ہماری شادی کروائی۔‘
کپل شرما نے پوچھا کہ کیا والدین کی طرف سے مخالفت ہوئی تھی، تو ارچنا نے جواب دیا، ’جی ہاں، بہت زیادہ۔ پرمیت کے والدین کو میری عمر زیادہ لگتی تھی، اور میں ایک اداکارہ بھی تھی، اس لیے وہ راضی نہیں تھے۔ لیکن شادی کے بعد انہوں نے مجھے دل سے قبول کرلیا، کیونکہ اب ان کے پاس کوئی چارہ نہ تھا۔‘
ارچنا نے ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا کہ شادی کے کئی سال بعد انہوں نے ایک پنڈت سے اپنی اور پرمیت کی کنڈلی ملوانے کا کہا۔ پنڈت نے فوراً کہا، ’اگر میں یہ کنڈلی شادی سے پہلے دیکھتا، تو کبھی اجازت نہ دیتا‘ لیکن ارچنا نے کہا، ’ہم خوش ہیں، ہم نے ستاروں کو غلط ثابت کر دیا۔‘
ارچنا سنگھ کا یوٹیوب چینل لانچ کے پہلے دن ہی ہیک
آج یہ جوڑا نہ صرف اپنی شادی میں خوش ہے بلکہ ’یوٹیوب‘ کے ذریعے ایک نئی زندگی بھی گزار رہا ہے۔ ان کے ولاگز میں ان کا مزاح، محبت، اور خاندانی بندھن صاف جھلکتا ہے۔ وہ اکثر ’ممبئی‘ میں بہترین کھانوں کی تلاش میں نکلتے ہیں اور اپنے ناظرین کو بھی ساتھ لے کر چلتے ہیں۔