بولی وڈ فلموں کے کور سے پاکستانی اداکاراؤں کی تصاویر غائب، ماورا اور ماہرہ نشانے پر
بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے خلاف اقدامات میں تیزی آ گئی ہے۔
پہلے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی اداکاروں کے اکاؤنٹس تک رسائی محدود کی گئی، اور اب مختلف بھارتی میوزک کمپنیوں نے فلمی البمز کے سرورق سے پاکستانی اداکاراؤں کی تصاویر بھی ہٹا دی ہیں۔
ماورا حسین کا ہرش وردھن رانے کوکرارا جواب
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستانی فنکاروں نے حالیہ کشیدہ حالات کے دوران جنگ کی مخالفت اور امن کی حمایت کا پیغام دیا تھا۔ تاہم، بھارتی عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان بیانات کو ناپسند کیا اور سوشل میڈیا پر نفرت آمیز تبصرے شروع کر دیے۔
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین اور بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے کے درمیان لفظی جنگ اس وقت شدت اختیار کر گئی جب ہرش نے ایک متنازع بیان میں کہا کہ وہ اب ماورا کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے۔
جواباً ماورا نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ کوئی شخص جنگ جیسے سنگین معاملے کو اپنی تشہیر کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔
بھارتی اداکار کا ماورا حسین کے ساتھ فلم کرنے سے انکار
میوزک پلیٹ فارمز جیسے اسپاٹیفائے، یوٹیوب اور یوٹیوب میوزک پر اب ”صنم تیری قسم“ کے البم کا نیا پوسٹر موجود ہے جس میں ماورا حسین کی جگہ صرف ہرش وردھن رانے کی تصویر شامل کی گئی ہے۔ اس سے قبل پوسٹر پر دونوں مرکزی اداکاروں کی تصاویر نمایاں تھیں۔
فلم ”صنم تیری قسم“ کے پروڈیوسر دیپیک مکوت کا کہنا ہے کہ انہیں اس تبدیلی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ ان کے بقول، ”یہ فیصلہ کسی اور کا ہے، حکومت جو فیصلہ کرے، سب کو ماننا پڑتا ہے۔“
بھارتی گلوکار کا پاکستان کی مخالفت میں ترکیہ، آذربائیجان نہ جانے کا اعلان ماورا حسین کے علاوہ، فلم ”رئیس“ کے البم سے بھی ماہرہ خان کی تصویر کو ہٹا دیا گیا ہے، اور اب صرف شاہ رخ خان ہی نظر آ رہے ہیں۔ تاہم، فلم ”خوبصورت“ میں فواد خان اور سونم کپور کی مشترکہ تصویر تاحال برقرار ہے۔
یہ اقدامات جہاں بھارتی عوام کے ایک طبقے کی حمایت حاصل کر رہے ہیں، وہیں عالمی سطح پر اور خاص طور پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا، ”پہلے پاکستان کو نقشے سے مٹانے کی بات کرتے تھے، اب فلموں سے ماورا کو ہٹا رہے ہیں۔“ ایک اور نے کہا، ”ماورا اس اداکار سے کہیں بڑی اسٹار ہے، جسے کوئی جانتا بھی نہیں۔“ ایک دلچسپ تبصرہ بھی سامنے آیا: ”چلو پوسٹر سے نکال دیا، فلم سے بھی نکال کر دکھاؤ!“
یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ”صنم تیری قسم 2“ پر کام جاری ہے اور ماورا کی واپسی پر بھی گفتگو ہو رہی تھی۔ تاہم، موجودہ حالات میں ان کی شمولیت اب غیر یقینی ہو چکی ہے۔