اپنی کمزور انگریزی کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہنے والی اداکارہ میرا کی امریکا میں انگریزی گانا سنتے کار چلانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
اداکارہ نے خود انسٹاگرام پر انگریزی زبان کا گانا سنتے کار چلانے کی ویڈیو شیئر کی تھی، جسے بعد ازاں انہوں نے تنقید کے بعد ڈیلیٹ کردیا۔
میرا کی جانب سے شیئر کیے جانے کے بعد ان کی ویڈیو کو متعدد سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، جہاں سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف انہیں تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ ان کا مذاق بھی اڑایا۔
زیادہ تر صارفین نے میرا کو حفاظتی سیٹ بیلٹ باندھے بغیر گاڑی چلانے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور بعض افراد نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ شاید اداکارہ کی طبیعت خراب ہے۔
کچھ صارفین نے انہیں انگریزی زبان کا گانا چلا کر کار چلانے پر بھی نشانہ بنایا اور ان کا مذاق اڑاتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ انہیں کچھ سمجھ آر ہا ہے؟
بعض افراد نے ان کے لیے نامناسب زبان بھی استعمال کی اور ان پر نشہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور لکھا کہ انہیں دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے شراب نوشی کر رکھی ہے۔
کچھ افراد نے ان کے چہرے اور میک اپ پر بھی انہیں نشانہ بنایا اور انہیں تجویز دی کہ اس سے بہتر تھا کہ وہ ویڈیو شیئر ہی نہ کرتیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کے بعد انہوں نے اپنے انسٹاگرام سے ویڈیو ڈیلیٹ کردی، تاہم ان کی ویڈیو دوسرے سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کی گئی، جہاں صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
ماضی میں بھی میرا کو ان کی کمزور اور غلط انگریزی بولنے پر تنقید اور مذاق کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جبکہ انہیں بولڈ ویڈیوز اور لباس پر بھی آڑے ہاتھوں لیا جاتا رہا ہے۔