امریکا میں ایک اسٹارٹ اپ نے موبائل فون کی لت سے نجات دلانے کے لیے ایک انوکھا حل متعارف کرایا ہے، ایسا فون جو اصل میں فون ہے ہی نہیں! اس ’جعلی‘ اسمارٹ فون کا نام Methaphone رکھا گیا ہے جس کی قیمت صرف 20 ڈالر رکھی گئی ہے اور یہ دیکھنے میں بالکل ایک جدید اسمارٹ فون جیسا ہے مگر اس میں نہ ایپس ہیں، نہ اسکرین، نہ ہی کوئی نوٹیفکیشن۔
یہ شفاف ایکریلک سے بنا ہوا ہے جس کی بناوٹ اور وزن اصل فون جیسا ہے۔ صارفین جب اپنا فون چیک کرنے کی عادت میں مبتلا ہوں تو وہ اس میثا فون کو ہاتھ میں لے کر سکرول کرنے کی حرکت کر سکتے ہیں گویا وہ ایک فون استعمال کر رہے ہوں، مگر درحقیقت وہ کسی بھی قسم کی ڈیجیٹل سرگرمی میں شامل نہیں ہوتے۔
یہ منفرد آلہ اس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا جب ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں ایک خاتون کو شفاف گلاس جیسی چیز پر انگلیاں پھیرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ابتدا میں اسے ”شفاف نوکیا فون“ سمجھا گیا مگر بعد ازاں انکشاف ہوا کہ یہ دراصل میثا فون ہے جسے ڈیجیٹل لت پر قابو پانے کے لیے بنایا گیا ہے۔
انسٹاگرام پر ایک صارف نے ویڈیو میں بتایا: ”میرا دوست اس کا موجد ہے۔ اگر ہم فون کے اتنے عادی ہو گئے ہیں تو کیا ممکن ہے کہ ہمیں ایسی کوئی چیز دی جائے جو فون جیسی ہو مگر اصل فون نہ ہو؟“
اگرچہ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اس آلے کے استعمال سے ان کی فون استعمال کرنے کی عادت میں خاطر خواہ کمی نہیں آئی لیکن ان کے مطابق یہ ایک ایسا آئیڈیا ہے جس نے لوگوں کو سوچنے پر مجبور ضرور کر دیا ہے۔
یہ کیسے کام کرتا ہے؟
- حسی تجربہ: میثا فون صارفین کو ایسا ہی احساس دیتا ہے جیسے وہ اصل فون پکڑے ہوں بغیر کسی ڈیجیٹل مواد کے۔
- اضطراب میں کمی: بار بار فون چیک کرنے کی عادت چھوڑنے میں مدد دے کر
ذہنی دباؤ میں کمی ممکن ہے۔ - ذہن سازی: یہ آلہ صارفین کو ان کے ڈیجیٹل رویوں کے بارے میں سوچنے پر
مجبور کرتا ہے اور صحت مند عادات کی طرف راغب کرتا ہے۔
یہ ماڈرن جعلی فون اس جدید دور میں ایک نفسیاتی تجربہ بن گیا ہے جو انسانوں کو ٹیکنالوجی سے جڑی عادات کا جائزہ لینے پر مجبور کرتا ہے۔ کچھ افراد نے اسے ڈیجیٹل ڈٹاکس کے لیے ایک زبردست خیال قرار دیا ہے، تو کچھ نے شفاف اسمارٹ فون نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔