اگر آپ فل ٹائم ملازمت کرتے ہیں تو آپ پہلے ہی جانتے ہوں گے کہ کام اور ذاتی زندگی میں توازن رکھنا کتنا مشکل ہوتا ہے اور اگر آپ ایک رشتے میں ہیں تو یہ توازن مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔
ماہر نفسیات اور ازدواجی تعلقات کے ماہر مارک ٹراورز جو خود بھی ایک مصروف خاتون کے شوہر ہیں، نے اس تجربے کو اپنی پیشہ ورانہ تحقیق میں شامل کیا۔ انہوں نے سی این بی سی کو بتایا کہ ایک شوہر اور محقق ہونے کے ناطے انہوں نے سیکھا کہ ویک اینڈ پر وقت کیسے اور کن باتوں پر صرف کیا جائے تاکہ رشتہ مضبوط اور خوشگوار بنے۔
شادی شدہ جوڑوں کا لڑائی جھگڑا کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
ذیل میں اُن کی بتائی گئی چار اہم عادات بیان کی جا رہی ہیں جنہیں اپنا کر آپ بھی اپنی ازدواجی زندگی کو مزید خوبصورت بنا سکتے ہیں:
1۔ موبائل فون سے فاصلہ رکھیں
اگرچہ جوڑے ایک ساتھ وقت گزارتے ہیں لیکن اگر وہ ہر وقت موبائل، سوشل میڈیا یا ای میلز میں مصروف رہیں تو وہ خوشی محسوس نہیں کر پاتے۔ اس کے برعکس وہ جوڑے جو تھوڑا وقت ساتھ گزارتے ہیں لیکن ٹیکنالوجی سے دور رہتے ہیں وہ زیادہ جڑے ہوئے ہوتے ہیں۔ اس لیے ویک اینڈ پر کچھ وقت ایسا نکالیں جس میں موبائل اور لیپ ٹاپ دور ہوں۔ یہ وقت ایک ساتھ چائے پینے، چہل قدمی کرنے یا خاص ڈنر کے لیے مختص کیا جا سکتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ آپ ایک دوسرے کی مکمل موجودگی محسوس کریں۔
2۔ ’پیرالل پلے‘ یعنی ساتھ مگر اپنی مرضی سے
لمبے اور تھکا دینے والے ہفتے کے بعد تنہائی کی خواہش قدرتی ہے لیکن شریک حیات کے ساتھ وقت گزارنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ ایسے میں ”پیرالل پلے“ ایک بہترین حل ہے، جس کا مطلب ہے کہ دونوں اپنی پسند کا کام کریں لیکن ایک ساتھ بیٹھ کر۔ مثال کے طور پر ایک شخص صوفے پر کتاب پڑھ رہا ہو اور دوسرا ساتھ ہی ویڈیو گیم کھیل رہا ہو۔ یہ عمل بغیر براہ راست بات چیت کے بھی تعلق کو مضبوط کرتا ہے اور دونوں کو ذاتی سکون بھی ملتا ہے۔
کیا کسی شادی شدہ جوڑے کا رشتہ کامیاب ہے؟ جاننے کا ایک آسان طریقہ
3۔ اپنی مخصوص رسمیں یا روایات بنائیں
ریلیشن شپ ماہرین کا کہنا ہے کہ ”رِچوئلز“ یعنی چھوٹے چھوٹے معمولات، جیسے ہر اتوار پین کیکس بنانا یا رات کو بورڈ گیم کھیلنا، رشتے کو استحکام دیتے ہیں۔ ایسی سرگرمیاں ایک طرح کی مشترکہ شناخت بناتی ہیں، جو افراد کو زندگی کی بھاگ دوڑ میں ایک دوسرے سے جوڑے رکھتی ہیں۔ یہ چھوٹے معمولات محبت کو تازہ رکھتے ہیں اور ایک دِل کو سکون دینے والا احساس پیدا کرتے ہیں۔
4۔ جان بوجھ کر ہنسنے کی کوشش کریں
تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ ہنسی مذاق ازدواجی تعلقات میں قربت پیدا کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ ہفتے کے دوران ہم اکثر صرف مسائل اور ذمہ داریوں پر توجہ دیتے ہیں لیکن ویک اینڈ پر ہنسی کو ترجیح دیں۔ چاہے وہ کوئی دلچسپ گیم ہو، بے تکا ڈانس مقابلہ ہو یا بس ایک دوسرے کی حماقتوں پر قہقہے لگانا ہو، اہم یہ ہے کہ آپ خوشی ڈھونڈنے کی کوشش کریں۔
جوڑے دھیان دیں! خاموش طلاق کا چیختا اشارہ دیتی علامتیں
زندگی کی مصروفیات کے درمیان رشتے کو زندہ اور پرجوش رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ چھٹی کے دنوں کو صرف آرام یا سونے کے لیے نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ بامقصد وقت گزارنے کے لیے استعمال کیا جائے۔ مارک ٹراورز کی تجاویز نہ صرف سادہ ہیں بلکہ ان پر عمل کرنا بھی آسان ہے بس نیت اور محبت کی ضرورت ہے۔