والدین ہمیشہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے صحت مند اور توانا رہیں لیکن اکثر ہم ایک اہم پہلو کو نظر انداز کر دیتے ہیں، اور وہ ہے بچوں کے جسم میں ہیموگلوبن کی سطح۔
ہیموگلوبن خون کے سرخ خلیوں میں موجود ایک پروٹین ہے جو جسم میں آکسیجن کی ترسیل کا کام انجام دیتا ہے۔ اگر اس کی سطح کم ہو جائے تو بچے کمزوری، تھکن اور دیگر صحت کے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔
بچوں میں پروٹین کی مقدار بڑھانے کے آسان اور صحت مند طریقے
سینئر ماہر غذائیت سادھنا سنگھ کے مطابق: ’ہیموگلوبن کی کمی یعنی خون کی کمی (اینیمیا) کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ سب سے اہم وجہ آئرن کی کمی ہے جو ہیموگلوبن بنانے کے لیے بنیادی جز ہے۔ اگر بچے کی غذا میں آئرن کی مقدار کم ہو یا جسم آئرن کو جذب نہ کر پائے، تو ہیموگلوبن کی سطح گر سکتی ہے۔‘
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’فولک ایسڈ اور وٹامن بی 12 کی کمی بھی خون کے سرخ خلیات بننے میں رکاوٹ ڈالتی ہے جس سے اینیمیا ہو سکتا ہے۔‘
بعض طبی مسائل جیسے گردوں کی دائمی بیماری، آنتوں کی سوزش یا کچھ انفیکشنز بھی خون کی کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔
بچوں کے بال سفید ہونے لگیں تو انہیں یہ خوراک کھلائیں
بچوں کا ہیموگلوبن بڑھانے والی 5 طاقتور غذائیں
سادھنا سنگھ کے مطابق درج ذیل پانچ غذائیں بچوں میں ہیموگلوبن کی سطح قدرتی طور پر بڑھانے میں مددگار ہیں:
1. سرخ گوشت (خصوصاً کلیجی وغیرہ)
سرخ گوشت خاص طور پر کلیجی جیسی اشیاء ”ہیم آئرن“ سے بھرپور ہوتی ہیں جو آسانی سے جسم میں جذب ہو جاتا ہے اور فوری اثر دکھاتا ہے۔
2. سبز پتوں والی سبزیاں (پالک، ساگ، مولی کے پتے)
یہ سبزیاں ”نان ہیم آئرن“ رکھتی ہیں لیکن ان میں فولک ایسڈ بھی وافر مقدار میں ہوتا ہے، جو خون بنانے میں مدد دیتا ہے۔ وٹامن سی والی غذاؤں (جیسے مالٹے یا لیموں) کے ساتھ استعمال سے ان کا آئرن زیادہ جذب ہوتا ہے۔
چھوٹے بچوں کو تندرست وتوانا رکھنے کے لیے کیا کھلانا چاہیئے
3. دالیں اور پھلیاں (چنے، مسور، لوبیا)
دالیں اور پھلیاں آئرن کا اچھا ذریعہ ہونے کے ساتھ پروٹین سے بھی بھرپور ہوتی ہیں جو ہیموگلوبن بننے کے عمل میں معاون ہیں۔
4. آئرن سے بھرپور اناج
بازاری ناشتے جیسے فورٹیفائیڈ سیریلز میں آئرن شامل ہوتا ہے جو بچوں کو آسانی سے ہیموگلوبن بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ بہتر ہے کہ مکمل اناج والی اقسام کا انتخاب کریں تاکہ فائبر اور دیگر غذائی اجزاء بھی حاصل ہوں۔
5. خشک میوہ جات (کشمش، آلو بخارا، خوبانی)
یہ مزیدار خشک میوے آئرن اور دیگر معدنیات کا خزانہ ہیں۔ بچوں کو روزانہ ایک مٹھی خشک میوہ دینا خون کی کمی سے بچاتا ہے۔
بچوں کے قد بڑھانے کے لیے چند بہترین غذائیں
وہ غذائیں جن سے پرہیز ضروری ہے
سادھنا سنگھ کے مطابق کچھ غذائیں آئرن کو جذب کرنے میں رکاوٹ ڈالتی ہیں اس لیے انہیں آئرن سے بھرپور کھانوں کے ساتھ کھانے سے گریز کرنا چاہیے.
کیلشیم والی اشیاء
دودھ اور دہی جیسی غذائیں آئرن کے ساتھ مقابلہ کرتی ہیں اس لیے ان کا استعمال آئرن والی غذا کے کچھ گھنٹے بعد کرنا بہتر ہوتا ہے۔
چائے اور کافی
چائے اور کافی میں موجود ٹینن آئرن کو جذب ہونے سے روکتا ہے۔ بچوں کو کھانے کے ساتھ چائے دینے سے پرہیز کریں۔
فائیٹیٹس والی غذائیں
اناج اور دالوں میں موجود فائیٹیٹس آئرن کے جذب میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ ان غذاؤں کو بھگو کر یا ابال کر استعمال کرنے سے ان کے نقصانات کم کیے جا سکتے ہیں۔