پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے 90 کی دہائی کے مقبول ترین بچوں کے ڈرامے ’عینک والا جن‘ کو اعلیٰ معیاریعنی ’ایچ ڈی‘ میں اپنے سرکاری یوٹیوب چینل پر ریلیز کر دیا ہے۔
یہ ڈرامہ 1993 میں پہلی بار نشر ہوا تھا اور اپنی جادوئی کہانیوں، مزاحیہ مناظر اور دلچسپ کرداروں کی وجہ سے پاکستان بھر میں بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول رہا۔ اب پی ٹی وی کی جانب سے اسے جدید تصویری معیار میں پیش کرنے کا مقصد نئی نسل کو اس کلاسک ڈرامے سے متعارف کرانا ہے، جبکہ پرانے ناظرین کو بہتر کوالٹی میں اپنی یادوں کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرنا بھی اس اقدام کا حصہ ہے۔
بے بی باجی کی آخری قسط دیکھ کر پاکستانیوں میں ’ہائے ہائے‘ مچ گئی
’عینک والا جن‘ کی کہانی ایک نیک دل جن ’نسطور جن‘ کے گرد گھومتی ہے جو جادوئی دنیا ’کھوکھب‘ سے زمین پر آتا ہے اور ایک ذہین لڑکے عمران سے دوستی کر لیتا ہے۔ اس سیریز میں زکوٹا جن، بل بتوڑی اور سمری جادوگر جیسے منفرد اور مزاح سے بھرپور کردار شامل ہیں جنہوں نے کئی نسلوں کو ہنسانے اور محظوظ کرنے کا کام کیا۔
یہ ڈرامہ نہ صرف تفریح فراہم کرتا رہا بلکہ اس میں چھپی اخلاقی اور سبق آموز باتیں بچوں کی ذہنی نشو و نما میں مددگار ثابت ہوئیں۔ اس وقت کے لحاظ سے خاصے متاثر کن سپیشل ایفیکٹس اور یادگار جملے آج بھی پاکستانی پاپ کلچر کا حصہ ہیں، جنہیں لوگ آج بھی مزے لے کر دہراتے ہیں۔
پاکستانی ڈرامے دیکھ کر تھری ایڈیٹس کے ”چتور“ کی ”چتورائی“ دنگ رہ گئی
اب اس شو کی تمام اقساط پی ٹی وی کے سرکاری یوٹیوب چینل پرموجود ہیں، جہاں شائقین کسی بھی وقت اس جادوئی دنیا میں دوبارہ داخل ہو سکتے ہیں۔