اگر آپ اپنے کچن میں ایسے آم دیکھیں جو نرم اور داغ دار ہوچکے ہوں تو پریشان نہ ہوں۔ یہ چند آسان ٹپس آپ کی مدد کریں گی تاکہ آم تازہ اور زیادہ دیر تک گولڈن رہیں۔
یاد کریں اپنے بچپن کا زمانہ جب گرمیوں کا انتظار ایک تہوار کی طرح ہوتا تھا، اور اس کی سب سے بڑی وجہ میٹھے اوررسیلے آم تھے۔
دوپہر کے کھانے کے بعد اپنی نانی یا دادی کے ارد گرد بیٹھ جانا اور آموں کو ایسے دیکھنا جیسے وہ کوئی خزانہ ہوں۔ خوشبو، جوش اور وہ رسدار آم کا پہلا ٹکڑا جس کامزہ بھلائے نہیں بھولتا تھا۔
جامن: قدرتی خزانہ جو صحت کا ضامن ہے اور گرمیوں کا انمول تحفہ
آم ہماری سالانہ روایت بن چکا ہے اور آج بھی، یہ ہر چیز میں شامل ہوتے ہیں، چاہے وہ ٹھنڈا آم رس ہو، گاڑھی آم کی اسموتھی ہو یا آم کا سالن۔
مارکیٹ میں ہر طرح کے اور بہترین آموں کی ورائٹی دستیاب ہونے کے باوجود بعض اوقات ہم ان کے انتخاب میں دھوکا کھاجاتے ہیں۔
الائچی کی خوشبو اور ذائقے سے لطف اندوز ہونے کےموثر طریقے
ایسا بھی ہوتا ہے کہ آپ نے اپنی دانست میں بہترین آم چن لیا ہو لیکن جب آپ اس آم کو کاٹ کر دیکھتے ہیں تو اندر سنہری رنگ کے بجائے بھورے دھبے ہوتے ہیں۔ آپ کا سارا موڈ خراب ہوجاتا ہےخاص طور پر جب آپ نے اس آم کو کسی خاص پکوان یا موقع کے لیے بچا رکھا ہو۔
آخراس کی کیا وجہ ہے؟ آئیے سمجھتے ہیں کہ آم کے اندر بھورے دھبے کیوں آتے ہیں اور اس سے بچنے کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں۔
مائیکروویو میں مچھلی کو دوبارہ گرم کرنا خرابی کا باعث کیوں ہے؟
آم کے گودے کا بھورا ہونا دراصل آکسیڈیشن کا نتیجہ ہے۔ جب آم میں موجود انزائمز، خاص طور پر پولیفینول آکسیڈیز، ہوا کے ساتھ ملتے ہیں، تو یہ کیمیائی ردعمل پیدا کرتے ہیں جس کے باعث آم کی سطح کا رنگ سیاہ پڑنے لگتا ہے۔ یہی عمل سیب اور کیلے میں بھی ہوتا ہے۔ جتنا زیادہ آم ہوا کے سامنے آئے گا، اتنا ہی جلدی اس کا رنگ تبدیل ہوگا۔
اگر آم میں عجیب سی بدبو آ رہی ہو، ذائقہ کھٹا محسوس ہو، اور وہ بہت زیادہ نرم ہو چکا ہو تو یہ خراب ہو چکا ہے۔ اگر اس میں کڑوا پن بھی آ گیا ہو تو پھر یہ خراب ہی ہوگا۔ تاہم، ہر بھورا آم خراب نہیں ہوتا۔
کچھ آموں میں ذائقہ اور خوشبو برقرار رہتی ہے، اور وہ کھانے کے قابل ہوتے ہیں۔ لیکن اگر آم کی ساخت بگڑ چکی ہو اور اس کا ذائقہ زیادہ تر کھٹا ہو، تو اسے کھانا بہتر نہیں ہوگا۔
آم کے گودے کو بھورا ہونے سے بچانے کے لئے یہاں پانچ بہترین طریقے ہیں:
لیموں کا رس استعمال کریں
لیموں کا رس آکسیڈیشن کے عمل کو سست کرتا ہے اور آم کے رنگ کو محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ، لیموں کی ہلکی سی ترشی آم کے ذائقے کو مزید میٹھا بنا دیتی ہے۔ یہ طریقہ خاص طور پر سلاد یا میٹھے پکوانوں میں استعمال کے لئے بہترین ہے۔
اسٹینلیس اسٹیل چھری استعمال کریں
چھری کا انتخاب بھی بہت اہم ہے۔ کاربن اسٹیل کی چھری آم کے انزائمز کے ساتھ ردعمل پیدا کر سکتی ہے، جس سے رنگ تبدیل ہونے کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔ اسٹینلیس اسٹیل کی چھری زیادہ محفوظ اور صاف ہوتی ہے اور اس سے آم کا رنگ زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے۔ پرانی یا زنگ آلود چھریوں سے بچیں کیونکہ یہ بیکٹیریا پیدا کرسکتی ہیں جو آم کو خراب کردیتی ہیں۔
صرف اتنا ہی کاٹیں جتنا آپ استعمال کریں
جتنا زیادہ کاٹیں گے، اتنا ہی جلدی آم کا رنگ بدلے گا۔ اگر آپ سارا آم نہیں کھا رہے ہیں، تو صرف وہ حصہ کاٹیں جسے آپ فوراً استعمال کریں اور باقی کو ایک بند کنٹینر میں فریج میں رکھیں تاکہ وہ تازہ رہے۔
نرم آم سے پرہیز کریں
نرم اور دھبے والے آم پہلے ہی خراب ہونے کے قریب ہوتے ہیں۔ ہمیشہ ایسے آم منتخب کریں جو سخت ہوں اور خوشبو خوشگوار ہو۔ اگر آم میں کالے یا بھورے دھبے نظر آئیں، تو انہیں نکال کر باقی آم کو استعمال کریں۔
انھیں صحیح طریقے سے محفوظ کریں
کاٹنے کے بعد آم کو فوراً فریج میں رکھیں۔ ہوا کا سامنا براہ راست رنگ بدلنے کے عمل کو تیز کرتا ہے۔ آم کے ٹکڑوں کو ایک ایئر ٹائٹ کنٹینر میں رکھیں اور اندر ایک خشک کاغذی تولیہ ڈالیں تاکہ نمی جذب ہو جائے اور وہ زیادہ دیر تک تازہ رہیں۔
آم کو زیادہ دیر تک تازہ رکھنے کے آسان طریقے
موسم گرما میں آم کا موسم شروع ہوتا ہے اور ہر کوئی ان خوشبودار اور میٹھے پھلوں کا لطف اٹھانا چاہتا ہے۔ لیکن اکثر ہمیں یہ مسئلہ پیش آتا ہے کہ آم جلد خراب ہو جاتے ہیں اور ان میں بھورے دھبے آ جاتے ہیں۔ اگر آپ بھی چاہتے ہیں کہ آم زیادہ دیر تک تازہ رہیں تو یہ کچھ آسان طریقے آزمائیں
چارکول کا استعمال
آموں کے قریب ایک چھوٹا سا ٹکڑا چارکول رکھیں۔ چارکول نمی کو جذب کرتا ہے اور اس سے آم زیادہ دیر تک خراب نہیں ہوتے۔
ڈنٹھل کو کاغذ سے لپیٹنا
آم کے ڈنٹھل کو کاغذ کے تولیے سے لپیٹیں۔ اس سے نمی کا جمع ہونا کم ہوگا اوروہ زیادہ دیر تک تازہ رہیں گے۔
میٹھا اچار بنانا
پکے ہوئے آموں کو چینی یا گڑ کے شیرے میں لیموں کا رس، زعفران اور الائچی ڈال کر محفوظ کریں۔ اس طریقے سے آپ آم کو مہینوں تک استعمال کر سکتے ہیں۔
آموں کو خشک کرنا:
آم کو باریک ٹکڑوں میں کاٹ کر کم درجہ حرارت پر اوون میں خشک کریں۔ اس سے آپ کو ایک مزیدار اسنیک ملے گا جو دیر تک چل سکتا ہے۔
آم کو فریزر میں رکھنا
آؐ کا گودا پیوری بنا کر آئس کیوب ٹرے میں فریز کریں۔ ان منجمد ٹکڑوں کو آپ اسمووتھیز یا لسی میں استعمال کر سکتے ہیں۔
ان آسان طریقوں سے آپ اپنے مینگو کو زیادہ دیر تک تازہ رکھ سکتے ہیں اور ان کا مزہ پورے موسم گرما میں لے سکتے ہیں۔