خدمت صرف عمل کا نام نہیں، یہ ایک احساس ہے۔ دوسروں کی بھلائی کے لیے خود کو وقف کر دینے کا جذبہ، حج جیسے عظیم اور روحانی موقع پر جب لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے بیت اللہ کا رخ کرتے ہیں، تب ان کی سہولت، رہنمائی اور حفاظت کے لیے جو ہاتھ بڑھتے ہیں، وہ محض فرائض کی انجام دہی نہیں کر رہے ہوتے بلکہ عقیدت، ایثار اور محبت سے لبریز دلوں کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں۔
ایسا ہی جذبہ لیے ہوئے سعودی عرب کے چھ جڑواں نوجوان اس سال حج 2025 کے موقع پر عازمین کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ یہ نوجوان نہ صرف رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ اسکاؤٹنگ کو اپنی زندگی کا راستہ سمجھ کر انسانیت کی خدمت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کے لیے یہ خدمات ایک عارضی سرگرمی نہیں بلکہ ایک مستقل مشن اور قومی فرض کی تکمیل ہے۔
غیر ملکی زرائع ابلاغ کے مطابق یہ نوجوان ’پبلک سروس کیمپس‘ کے زیرِ اہتمام کام کر رہے ہیں اور ’سول ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن‘ کے اسکاؤٹ گروپ سے وابستہ ہیں۔ ان کا مقصد نہ صرف عازمینِ حج کو سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ عوامی خدمت کو اپنی زندگی کا مشن بنانا بھی ہے۔
مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ پہنچ گئے
خدمت، قربانی اور جذبہ: ایک اعلیٰ مثال
جڑواں بھائیوں کے ان تین گروپس میں شامل ہیں:
- حسام اور اسام سعید القرنی
- عزام اور عمار سلیمان
- ولید اور مہند عبدالحکیم العتیبی
یہ تمام نوجوان نہ صرف خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں بلکہ اسکاؤٹنگ کو ایک طرزِ زندگی کے طور پر اپنائے ہوئے ہیں۔
’حسام اور اسام‘ نے کہا، ’ہمارے لیے اسکاؤٹنگ صرف ایک سرگرمی نہیں بلکہ زندگی کا راستہ ہے۔ ہم اپنے ملک سے محبت کے جذبے کے تحت عازمینِ حج کی خدمت میں مصروف ہیں۔‘
’عزام اور عمار‘ نے اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’حج کے موقع پر خدمات کے ذریعے ہم نے آپس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ یہ کام ہمیں باہمی احترام اور تعاون سکھاتا ہے۔‘
حج 2025 میں ”خفیہ حاجی“ کا حیران کن اور خاص کردار کیا ہے ؟ جانئے!
’ولید اور مہند عبدالحکیم‘ نے اس موقع پر بتایا، ’ہم نہ صرف عازمین کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں بلکہ یہ بھی سیکھ رہے ہیں کہ ہجوم کو کیسے مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ یہ تجربہ ہمارے لیے تربیتی موقع بھی ہے۔‘
عزم، سیکیورٹی اور سیکھنے کا سفر
یہ جڑواں نوجوان اسکاؤٹس حج کے دوران نہ صرف عازمین کی رہنمائی کرتے ہیں بلکہ ان کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی یہ خدمات ایثار و محبت و قربانی کے جذبے کی روشن مثال ہیں۔