جنوبی چین کے شہر چینگ یوان میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ایک لڑکے نے زلزلے کے دوران اپنی خوراک کو خطرے پر ترجیح دی اور یہ لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
یہ واقعہ 23 جون کو گوانگ ڈونگ صوبے کے شہر چینگ یوان میں 4.3 شدت کے زلزلے کے دوران پیش آیا۔ جہاں زیادہ تر لوگ فطری طور پر حفاظت کی طرف دوڑ پڑے، وہیں ایک چھوٹے لڑکے کی ترجیحات نے انٹرنیٹ کو ہنسی سے بھر دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاندان کھانے کے دوران اپنے گھر میں تھا، اور زلزلہ آتے ہی والد، جن کا نام صرف ”لی“ بتایا گیا ہے، اپنے چھوٹے بیٹے کو پکڑ کر دروازے کی طرف دوڑنے لگے۔
اسی دوران بڑا بیٹا بھی دروازے کی طرف بھاگ رہا تھا اور ایک خاتون کو باہر نکلنے کے لیے کہہ رہا تھا، لیکن اچانک اس نے پلٹ کر کیا کیا؟
وہ دوبارہ کھانے کی میز پر دوڑ گیا اور یہ سب کسی کنفیوژن کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ وہ اپنی خوراک کے چند نوالے اپنے منہ میں ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا۔
لڑکے نے سبزیوں اور گوشت سے بھری پلیٹ اور چاول کا پیالہ بھی اٹھانے کی کوشش کی۔ لیکن والد کو فکر تھی کہ نو منزلہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے کھانے کے برتنوں کے ساتھ بچہ زخمی نہ ہو جائے، تو انہوں نے بیٹے کو سمجھایا کہ کھانا چھوڑ کر فوراً باہر نکلنا ضروری ہے۔
فیملی ایک گھنٹے تک نیچے رہنے کے بعد اس وقت تک واپس آئی جب انہیں لگا کہ اب واپس جانا محفوظ ہے۔ اس دوران لڑکے نے ایک وقت پر یہ بھی سوال کیا کہ کیا وہ اپنے ڈرون کو بچانے کے لیے دوبارہ اپارٹمنٹ میں جا سکتا ہے۔
والد ”لی“ نے بتایا کہ اس لمحے میں انہیں اتنی گھبراہٹ تھی کہ وہ صرف اپنے بیٹے کو دوڑنے کے لیے کہہ رہے تھے۔ “میں اس وقت بہت نروس تھا اور بس اسے دوڑنے کے لیے کہتا جا رہا تھا۔ “
انہوں نے مزید کہا کہ وہ جو کھانے کی چیزیں بیٹے کے ہاتھوں سے جانے نہیں دے رہا تھا، وہ اس کے پسندیدہ نہیں تھیں، بلکہ ”بس اسے کھانا پسند ہے۔“
آخر میں ”لی“ نے اپنے بیٹے کو ایک اہم سبق دیا: ”زندگی سب سے پہلے ہے، اور حفاظت کو سب سے بڑی اہمیت دینی چاہیے۔ جب زلزلہ آئے تو فوراً بچاؤ کی کوشش کریں اور مادی چیزوں کے بارے میں نہ سوچیں۔“
یہ ویڈیو چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی ۔مداحوں نے اس لڑکے کے مزاحیہ انداز کو سراہا۔
ایک صارف نے لکھا: ”وہ زندگی جینے کے لیے نہیں، کھانے کے لیے جیتا ہے، مجھے یہ بچہ بہت پسند آیا۔“ ایک اور نے مذاق کرتے ہوئے کہا: ”کھانا زندگی سے زیادہ اہم ہے۔“
اس انوکھے اور مزاحیہ لمحے نے انٹرنیٹ پر سب کو ہنسی میں ڈبو دیا۔