شوبز کی گلیمرس دنیا اور چمک دمک کے پیچھے بھی کچھ چہرے ایسے ہوتے ہیں جو اندر سے ٹوٹے، بکھرے اور پھر جُڑے ہوتے ہیں بالکل عام لوگوں کی طرح۔

مشہور اداکار اورسینیئرآرٹسٹ وسیم عباس کے صاحبزادے علی عباس بھی ایک ایسے ہی فنکار ہیں۔ جس کا اندازہ ان کی حالیہ گفتگو سے ہوتا ہے۔

احسن خان کی جاوید اختر سے ملاقات نے کئی سوالات کو جنم دے دیا

انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنے ذاتی اور جذباتی سفر کے بارے میں کھل کر بات کی۔

پوڈ کاسٹ میں علی عباس نے اپنی زندگی کے ایک ایسے پہلو پر روشنی ڈالی جو شاید اب تک مداحوں کے علم میں نہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ صرف 12 سال کے تھے تو ان کے والد، سینئر اداکار وسیم عباس، نے دوسری شادی کر لی تھی۔

اس تبدیلی نے نہ صرف ان کے خاندانی نظام کو جھنجھوڑ دیا بلکہ ان کے اور ان کے والد کے درمیان رشتے کو بھی شدیددھچکا پہنچایا۔

ندایاسر اپنے وائرل بیان پر شدیدٹرولنگ کا شکار

علی عباس نے کہا، ”میں اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، اس لیے والد کی غیر موجودگی نے مجھے جلدی بڑا بنا دیا۔ میں نے اپنی ماں کو ڈپریشن میں دیکھا، بہنوں کی ذمہ داری محسوس کی اور ایک دم سے بچپن کہیں کھو گیا۔“

ان کا کہنا تھا کہ اس دور میں انہوں نے زندگی کی سخت حقیقتوں کو بہت چھوٹی عمر میں محسوس کیا، اور سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ وہ ایک بیٹے، بھائی اور محافظ کے کئی کردار بیک وقت نبھا رہے تھے۔

اداکار نے مزید بتایا کہ اگرچہ ابتدائی برسوں میں ان کے اور ان کے والد کے درمیان تلخی رہی، لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے اپنے والد سے دوبارہ تعلق جوڑنے کی کوشش کی۔

”ایک وقت آیا جب میں نے خود قدم بڑھایا، ان سے بات کی، اور سنا کہ وہ بھی اس وقت اندرونی کشمکش کا شکار تھے۔ تب جا کے احساس ہوا کہ شاید والد بھی اس رشتے میں کہیں نہ کہیں تنہا ہو گئے تھے۔“ علی عباس نے کہا۔

علی عباس کا ماننا ہے کہ جذباتی دباؤ میں گھرے کسی فرد کو نصیحت دینے کے بجائے خاموشی سے سن لینا بھی بہت بڑا سہارا ہوتا ہے۔ ”میں نے اپنے والد کی بات سنی، اور بس یہی سننا ان کے لیے کافی تھا۔ تب سے ہمارا رشتہ بہتر ہونا شروع ہوا۔“

علی عباس نے گفتگو میں یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ پرانے وقتوں کے والد ایک ’’الفا پرسنیلٹی‘‘ ہوا کرتے تھے، جن پر کبھی کمزوری ظاہر نہ کرنے کا دباؤ ہوتا تھا، جب کہ آج کے والد اور بچوں کے درمیان تعلق زیادہ کھلا، جذباتی اور دوستانہ ہے۔

علی عباس ایک فنکار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد وسیم عباس پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار ہیں، جب کہ ان کے دادا عنایت حسین بھٹی ملک کے نامور لوک گلوکار تھے۔ تاہم، علی عباس نے صرف خاندانی پس منظر پر انحصار نہیں کیا بلکہ اپنی محنت اور صلاحیتوں سے انڈسٹری میں جگہ بنائی۔

یاد رہے کہ وسیم عباس کی دوسری شادی اداکارہ صبا حمید سے ہوئی تھی، جو پہلے سے دو بچوں میشا شفیع اور فارس شفیع کی والدہ تھیں۔

More

Comments
1000 characters