’پریشانی میں خود کو اکیلا نہ سمجھیں، ہم موجود ہیں‘، فیصل قریشی کا اداکاروں کے نام اہم پیغام
پاکستان کے معروف اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے حال ہی میں اپنے ساتھی فنکاروں کے لیے ایک اہم ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے انڈسٹری کے تمام فنکاروں کو پریشانی کے وقت اکیلا نہ محسوس کرنے کی بات کی۔
فیصل قریشی نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ اگر کسی اداکار کو کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا ہو، تو وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے ساتھی اداکار، ان کی مدد کے لیے 24 گھنٹے موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ایکٹ پاکستان‘ نامی تنظیم، جو فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے، نے حال ہی میں اداکارہ عائشہ خان اور حمیرا اصغر کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا۔ فیصل قریشی نے یقین دہانی کرائی کہ یہ تنظیم فنکاروں کی مدد کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے، چاہے وہ مالی مشکلات ہوں یا صحت کے مسائل۔
ان کا کہنا تھا کہ ”ہم سب یہاں ہیں تاکہ آپ کو سپورٹ فراہم کریں، اور اگر آپ کسی مشکل کا سامنا کر رہے ہیں تو براہ کرم ہم سے رابطہ کریں۔“
اس ویڈیو پیغام کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جہاں صارفین فیصل قریشی کی اس دلجوئی کو سراہتے ہوئے ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔