دنیا کی مشہور پاپ گلوکارہ بیونسے کے نئے اور ابھی تک ریلیز نہ ہونے والے گانے چوری ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بیونسے کے کوریوگرافر کرسٹوفر گرانٹ نے ایک کرائے کی گاڑی میں اہم سامان رکھا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق 8 جولائی کو اٹلانٹا میں گاڑی کے اندر چوری کی اطلاع ملی۔ کرائے پر لی گئی جیپ واگونئیر گاڑی شہر کے کرگ اسٹریٹ پر ایک پارکنگ ڈیک میں کھڑی تھی۔ گاڑی سے بیونسے کے کوریوگرافر اور ایک بیک اپ ڈانسر ڈیانڈرے بلیو کے دو سوٹ کیس چرا لیے گئے، جن میں لیپ ٹاپس، ہارڈ ڈرائیوز، ریہرسل کی ویڈیوز، پرانے اور مستقبل کے پرفارمنس پلانز، اور وہ میوزک بھی شامل تھا جو ابھی دنیا کے سامنے پیش نہیں کیا گیا تھا۔
’ملکہ برطانیہ کا انتقال‘: نئی بابا وانگا کی نئی پیش گوئیاں
متاثرہ افراد نے پولیس کو بتایا کہ ہارڈ ڈرائیوز میں ایسی فائلز موجود تھیں جو بیونسے کے کام سے متعلق نہایت اہم اور حساس نوعیت کی تھیں۔ کرسٹوفر گرانٹ نے یہ بھی بتایا کہ چوروں نے ان کے تقریباً 1,000 ڈالر کے کپڑے، ٹام فورڈ کے 500 ڈالر مالیت کے چشمے، اور 750 ڈالر کا ٹومی بیگ بھی چرا لیا۔
ڈیانڈرے بلیو کا کہنا ہے کہ ان کا میک بُک ایئر اور ہیڈ فونز بھی چوری ہوئے ہیں۔
اٹلانٹا پولیس کے ’لارسنی فرام آٹو یونٹ‘ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، اور ایک مشتبہ شخص کے لیے گرفتاری کا وارنٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
امریکی سیاست کا رنگ شوبز اسٹارز پر بھی چڑھ گیا، متعدد اداکار کس کے حامی نکلے
بیونسے اٹلانٹا میں 10، 11 اور 13 جولائی کو شاندار پرفارمنس دے چکی ہیں، اور اب وہ 25 جولائی کو لاس ویگاس میں اپنا اگلا شو پیش کریں گی۔
یہ واقعہ بیونسے اور ان کی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے، خاص طور پر اس وقت جب ان کا نیا میوزک دنیا کے سامنے لانے کی تیاریاں جاری تھیں۔