معروف ٹی وی میزبان اور سینئر صحافی جیسمین منظور نے اپنے سابق شوہر پر بدترین جسمانی تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی تشدد زدہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں، جس کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

جیسمین منظور نے 16 جولائی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر متعدد ٹوئٹس کرتے ہوئے لکھا کہ تصاویر میں نظر آنے والی زخمی اور لہولہان خاتون کوئی اور نہیں بلکہ وہ خود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی زندگی کا وہ سیاہ باب ہے جسے وہ طویل عرصے سے خاموشی سے جھیل رہی تھیں۔

تصاویر میں جیسمین کے چہرے، بازوؤں اور جسم کے دیگر حصوں پر واضح زخموں اور سوجن کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں، جن کے نیچے ”4 جون“ کی تاریخ درج ہے، تاہم سال کا تعین نہیں ہو سکا۔

انہوں نے لکھا، ’یہ میرے ساتھ پیش آنے والی حقیقت ہے، یہ میرا جسم ہے، میری تکلیف ہے۔‘

جیسمین منظور نے دعویٰ کیا کہ ان پر یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب وہ اپنی والدہ کے انتقال جیسے بڑے صدمے سے دوچار تھیں۔ انہوں نے کہا، ’میری خوبصورت زندگی ایک درندہ صفت مرد نے برباد کر دی، مگر میں نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔‘

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ان کا سابق شوہر گزشتہ چھ ماہ سے کراچی کے جناح اسپتال میں ’عیاشی کی زندگی‘ گزار رہا ہے، مگر اب تک کسی نے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

جیسمین کی جانب سے خود پر ہونے والے مبینہ تشدد کی مکمل تفصیلات تو سامنے نہیں آئیں، تاہم ان کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور بیانات نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

ہزاروں صارفین نے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مجرم کو فوری گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مشہور ٹی وی میزبان عائشہ جہانزیب نے اپنے سابق شوہر کے ہاتھوں تشدد کا دعویٰ کیا تھا، جس پر ان کے شوہر کو گرفتار کیا گیا، تاہم بعد میں انہوں نے معاف کر دیا تھا۔

More

Comments
1000 characters