پیرانارمل تحقیق کار ڈین رویرا اچانک اس وقت انتقال کر گئے جب وہ معروف آسیب زدہ ”اینابیل“ گڑیا کو گیٹسبرگ، پنسلوانیا کے دورے پر لے گئے تھے۔ گزشتہ مئی میں رویرا نے آن لائن ان افواہوں کی تردید کی تھی جن میں کہا جا رہا تھا کہ ریگڈی این گڑیا کو اس کے شیشے کے کیس سے نکال دیا گیا ہے۔
پنسلوانیا کے شہر گیٹسبرگ میں ایک پیرانارمل (ماورائے فطرت) تحقیق کار ڈین رویرا اچانک انتقال کر گئے۔ وہ ”اینابیل“ کے نام سے مشہور آسیب زدہ گڑیا کو اپنے تحقیقی دورے پر لے گئے تھے۔
ڈین رویرا 54 برس کے تھے اور نیو انگلینڈ سوسائٹی فار سائیکک ریسرچ (NESPR) کے سربراہ محقق تھے۔
دورے کے دوران وہ اپنے ہوٹل میں اچانک گر پڑے۔ ایمرجنسی طبی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر انہیں CPR دیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی موت کی درست وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
ان کی موت کی تصدیق این ای ایس پی آر نے کی، جبکہ ”گھوسٹلی امیجز آف گیٹسبرگ“ کے منتظمین نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ”ڈیولز آن دی رن“ نامی ٹور کی میزبانی کر رہے تھے جس میں ڈین رویرا اور ان کی ٹیم نے شرکت کی تھی۔ متظمین کے مطابق ان کا اچانک انتقال ٹیم کے لیے گہرے صدمے کا باعث بنا۔
اینابیل گڑیا اس دورے کے دوران شیشے کے کیس سے باہر دکھائی گئی تھی۔ یہ وہی گڑیا ہے جسے فلم The Conjuring سیریز میں دکھایا گیا اور جس کے متعلق 1970 کی دہائی سے یہ عقیدہ ہے کہ وہ شیطانی روح کے قبضے میں ہے۔
این ای ایس پی آر کے مطابق یہ گڑیا ایک نرسنگ طالبہ کو تحفے میں دی گئی تھی۔ طالبہ اور اس کی روم میٹ نے گڑیا کے ساتھ عجیب و غریب حرکات محسوس کیں اور یہ مان لیا کہ گڑیا میں ایک بچی ”اینابیل“ کی روح ہے۔
بعد ازاں معروف محققین ایڈ اور لورین وارن نے گڑیا کو وہاں سے ہٹا کر اپنے عجائب گھر میں شیشے کے بند کیس میں محفوظ کر دیا۔
گزشتہ مئی میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ گڑیا کو شیشے کے کیس سے نکال دیا گیا ہے، تاہم ڈین رویرا نے ان دعوؤں کی واضح طور پر تردید کرتے ہوئے ثبوت کے ساتھ بتایا تھا کہ گڑیا محفوظ طور پر کیس میں ہی رکھی گئی ہے۔