برطانیہ کے شہر شیفیلڈ میں ایک نسل پرستانہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک 66 سالہ جاہل شخص نے شہر کی ایک بڑی مسجد کے باہر جان بوجھ کر جنگلی چوہے چھوڑے، واقعہ کی ویڈیو وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایڈمنڈ فاؤلر نامی یہ شخص اپنی گاڑی کے پچھلے حصے سے چوہے نکال رہا ہے اور انہیں مسجد کے باہر چھوڑ رہا ہے تاکہ وہ عمارت کے اندر داخل ہو سکیں، سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ چوہے مسجد کی حدود میں داخل ہورہے ہیں۔
عدالت میں پیشی کے دوران انکشاف ہوا کہ ایڈمنڈ فاؤلر نے مئی اور جون کے درمیان چار مرتبہ مسجد کا رخ کیا اور ہر بار نسل پرستانہ جملے بازی کرتے ہوئے چوہے چھوڑنے کی ویڈیو بنائی۔
پولیس کے مطابق ملزم کو نسل پرستی پر مبنی ہراسانی کے چار الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا۔ 27 جون کو ابتدائی سماعت کے بعد فاؤلر کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
عدالت نے بدھ کو سزا سناتے ہوئے فاؤلر کو 18 ہفتے قید کی سزا سنائی، جسے 18 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا۔ اسے 15 دن کی بحالی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا بھی حکم دیا گیا ہے اور 18 ماہ تک کسی بھی مسجد کے قریب جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
عدالت کے مطابق اس نفرت انگیز حرکت کی وجوہات تاحال ”نامعلوم“ ہیں۔ فاؤلر کو £239 جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔